لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب اسمبلی نے پاکستان کےبارے میں ناپاک اور شرانگیز الفاظ ادا کرنے کے قومی جرم میں ملوث ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین سمیت تمام ذمہ دار افراد کو قومی مجرم اور غداری کا مرتکب قرار دیتے ہوئےوفاقی حکومت سےانکے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کردیا ۔حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ قرارداد میں کہا گیاکہ وطن عزیز پاکستان کے خلاف ایسے الفاظ جو پاکستان کی سالمیت اور قومی امنگوں کے خلاف ہیں وہ ملک سے غداری کے مترادف ہیں۔ ایوان نے احتجاج کی آڑ میں میڈیا ہائوسز پر حملے، توڑ پھوڑ اور ان کے عملے پر تشدد کی بھی پرزور مذمت کی اور اسے آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر حملہ قرار دیتے ہوئے صحافی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ فقید المثال یکجہتی و اتحاد کے مظاہرے پر ایوان نےپوری قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایوان نے ایسے عناصر کو تنبیہ کی جو انتشار، افراتفری اور عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں اور اقوام عالم میں پاکستان کو اپنا مقام حاصل کرنے سے محروم کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں۔