• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات روبروز نئی کروٹ لے رہے ہیں، سیاسی درجہ حرارت تیز ہورہا ہے، فیصلوں پر عمل درآمد میں عجلت کارفرما نظر آرہی ہے ایسے میں مسترد شدہ جھوٹے صحافی کا تجزیہ یہ ہے کہ ایک نئی سیاسی لیگ وجود میں آنے کے حالات پیدا ہورہے ہیں، چاہے نہ چاہے اس نئی سیاسی لیگ کا دھڑا پہلے سے تشکیل پاچکا ہے آہستہ آہستہ اس خیال کے حامیوں کے نام سامنے آتے جارہے ہیں،اس نئی سیاسی قوت کا ایجنڈا مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف تینوں سے الگ ہے فی الحال یہ گروہ اتحادی حکومت کا حصہ ہے مگر بدلتی سیاست میں اتحادی حکومت کی دونوں بڑی جماعتیں نون لیگ اور پیپلز پارٹی اس سیاسی بلاک کا مکمل بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں ،کابینہ کے اندر سے مخالفانہ بیانات، ریفرنڈم اور نئے صوبوں کے حوالے سے متضاد آراء یہ واضح کررہی ہیں کہ اس سیاسی بلاک کو اپنی الگ سے شناخت کیلئے پلیٹ فارم کی ضرورت ہوگی۔

ریفرنڈم، نئے صوبوں اور نظام کے ری سیٹ کا یہ پرجوش حامی دھڑا روزبروز مضبوط توہورہا ہے مگر ساتھ ہی ساتھ اسکے اپنے اتحادیوں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ فاصلے بڑھ رہے ہیں پیپلزپارٹی نے تو علانیہ اس دھڑے سے لڑے بغیر ہی اختلاف کا اعلان کردیا ہے تاہم اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ وقت آنے پر اس سوچ کے حامی پیپلز پارٹی کے اندر بھی سرنگ لگا کر اپنا گروپ بناسکتے ہیں۔ مجوزہ نئی سیاسی لیگ نے نون لیگ کو سب سے زیادہ بڑی آزمائش میں ڈالا ہوا ہے نونیوں کے ذہن میں پورے پانچ سال اقتدار میں رہ کر بازارِسیاست میں پھر سے ہار ڈال کر آنے کا خیال تھا، نہ مرکز اور نہ صوبہ دونوں ہی میں سیاست کئے بغیر ترقیاتی ایجنڈے پر زور دئیے ہوئے تھے اور ان کی خفیہ حکمت عملی یہ تھی کہ چار سال ڈٹ کر ترقیاتی کام کرنے کے بعد پانچویں سال بھرپور سیاست کریں گے، کارکردگی کی وجہ سے راہ تو ہموار ہوچکی ہوگی پھرسیاست میں دبنگ انٹری آسان تر ہوجائیگی۔ مگر بقول غالبؔ، اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے۔ اچانک سے نئی صف بندی شروع ہوگئی اور وقت سے بہت پہلے نون مستقبل کے بارے میں جلد ترین فیصلے کرنے پر مجبور ہو گئی ہے،نون اس کیلئےتیار نظر نہیں آتی، نئی سیاسی لیگ کے حامی سمجھتے ہیں کہ نون کے پاس سوائے ان کے ایجنڈے کی حمایت کے کوئی راستہ نہیں، ان کو خدشہ ہے کہ اگر نون نے ترقیاتی کاموں کے ذریعے قدم جما لئے تو پھر وہ ری سیٹ پر نہیں مانے گی، اسی لیے عجلت میں ریفرنڈم اور نئے صوبوں کا راستہ اختیار کرنا اس نئے دَھڑے کی حکمت عملی بن گئی ہے۔نئے سیاسی دھڑے کو مشورہ دیا گیا ہےکہ مسلم لیگ ق کا پلیٹ فارم انکے لئے بہترین ٹھکانہ ہوسکتاہے ماضی میں بھی اس طرح کی آراء آتی رہیں مگراُس وقت شاید غیر سیاسی اور غیر جماعتی وابستگی زیادہ بہترحکمت عملی تھی مگر اب یہ حکمت عملی زیادہ موثر نہیں رہی اسی لئے نئی سیاسی لیگ کا آئیڈیا دوبارہ سے طاقت پکڑ رہا ہے۔ پہلی آپشن تویہی ہوسکتی ہے کہ مسلم لیگ ق میں نئی شمولیتیں ہوں اور پھر آہستہ آہستہ (ایوبی) کنونشن لیگ، ضیاء الحقی مسلم لیگ اور پرویزی ق لیگ یا پیٹریاٹ کی طرز پر اسے طاقت دی جائے۔ اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا لیکن حالات تیزی سے اس دھڑے کو مجبور کررہے ہیں کہ وہ اس حوالے سے جلد ازجلد فیصلہ کریں کیونکہ اگر نون نے اس دھڑے کے ایجنڈے پرکام کرنے سے انکار کیا یا غیر معمولی تاخیر کی کوشش کی تواس نئی لیگ کے پاس دباؤ ڈالنے اور آواز بلند کرنے کیلئے پلیٹ فارم کی ضرورت شدت اختیار کر جائیگی۔

اس نئی اصلاحاتی سوچ کے حلقے کے حامی فی الحال پر امید ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف ان کے ساتھ مکمل آن بورڈ ہیں وہ ریفرنڈم ، نئے صوبوں کی تشکیل اور نظام کے ری سیٹ کے سارے منصوبے سے مکمل آگاہی رکھتے ہیں ،نئی قوت کا خیال ہے کہ شہباز شریف اگلی سیاست میں انکے ہم قدم ہونگے مگر نئی سیاسی لیگ کے کئی تشکیک پسند اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں، وہ کہتے ہیں کہ شہباز کو اپنے سے عمر میں چھوٹی اور سیاسی تجربہ میں کم بھتیجی مریم نواز کو مسلم لیگ ن کاصدر بنانے پر تحفظات ضرورہو سکتے ہیں مگر ماضی کے تجربات نے ثابت کیا ہے کہ نواز شریف کی زندگی میں وہ اپنے بھائی سے بغاوت کا سوچ بھی نہیں سکتے، ماضی میں اس طرح کے کئی اندازے اور پیش گوئیاں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔ نئی لیگ کے وہ حامی جو شہباز شریف سے پر امید ہیں ان کا کہنا ہےکہ بھائیوں کا رشتہ اور تھا اب معاملہ کزنوں مریم اور حمزہ کے مستقبل کا ہے اس لئے اندرونی لڑائی کا خطرہ اب سب سے زیادہ ہے۔ بہرحال شہباز شریف وہ ٹرمپ کارڈ ہیں جو نظام کے اتحاد میں سب سے اہم ہیں اگر انہوں نے اپنا وزن نئی لیگ کے حق میں دال دیا تو ایک نئی اور عجیب صورتحال ہوگی جونون کو غیر متوقع صورتحال میں ڈال دے گی۔

تاریخ کو دیکھا جائے تو لگتا ہے کہ ہر وہ شخص جو اقتدار میں آنےکا خواہشمند ہے یا طاقت کا قرب چاہتا ہے وہ سیاست کے فلڈ گیٹس(FLOOD GATES)کھلنے کا منتظر ہے بہت سے انتخابی گھوڑے اور سیاسی نیزہ باز بوجوہ نہ پیپلز پارٹی میں جانا چاہتے ہیں اور نہ ہی ن لیگ میں انکی جگہ بنتی ہے، جونہی سیاست کروٹ لیتی ہے ان کی امیدیں نئے سرے سے جاگ اٹھتی ہیں اگر تواس طاقتور دھڑے نے مسلم لیگ ق کو آشیانہ بنانے کا فیصلہ کا تواس جماعت کی بہت سی نشستیں ابھی خالی ہیں اور دروازے بھی چوپٹ کھلے ہوئےہیں ،فی الحال چودھری شجاعت حسین کا جوبیان سامنے آیا ہے اس میں نئے صوبوں کی بجائے نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹ بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے لیکن چودھری شجاعت کی علالت نے انکی خاندان اور سیاست پر گرفت کمزور کردی ہے اس لئے انکے دونوں بیٹے جو وفاقی اور صوبائی وزیر ہیں وہ ری سیٹ کے ایجنڈے سے مکمل اتفاق کا راستہ ہی اپنائیں گے۔

اقتدار کی موجودہ کولیشن بہت پرانی سیاسی جماعتوں پر مشتمل ہے، پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے امیدوار اور کارکن تقریباً ہر ضلع اور انتخابی حلقے میں موجود ہیں اس لئے نئے داخلے ہوبھی جائیں تو نئے لوگوں کیلئے گنجائش محدود ہوتی ہے نئی سیاسی لیگز اس لئے بھی بنتی رہی ہیں کہ مختلف الخیال لوگ برسر اقتدار نظام کے ایجنڈے پر اکٹھے ہوسکیں دوسری طرف نظام کے ان دو جماعتوں پر مکمل انحصار سے ایجنڈے کے نفاذ میں مسلسل رکاؤٹیں پیش آرہی ہیں، ان دونوں جماعتوں کے نئی لیگ کے ایجنڈے پر اپنے اپنے تحفظات ہیں، جب سے نظام کے(Collapse) ہونےکی بات کی گئی ہے اتحادی حکومت کے ہر شریک کار کا اعتماد کمزور ہوا ہے اور ہر کوئی اتحادی دوسرے کے عزائم پر شک وشبہ کا اظہار کررہا ہے۔ گو فی الحال طاقت اور اقتدار کے سنہرے جال میں پھنسے یہ اتحادی قیدی، اس آرام دہ اقتداری جنت کو چھوڑنے پر تیار نہیں مگر سب کے کان کھڑے ہوچکے ہیں کہ اب صرف ان کی نہیں چلے گی بلکہ نئی سیاسی لیگ کا ایجنڈا ہی نافذ ہوکر رہے گا۔

نئی سیاسی لیگ کو سیاسی ارتقاء، فناء اور بقا کے اصول کے تحت بھی دیکھا جاسکتا ہے، تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی ٹاپ قیادت ستر کے پیٹے میں ہے اور اگلے پانچ سال میں ان میں سے اکثر عملی سیاست نہیںکر سکیں گے۔ تحریک انصاف میں نوجوانوں کی اکثریت ہے مگر خود عمران خان نونی قیادت کے ہم عمر ہیں پیپلز پارٹی نے آنیوالے دور کیلئے بلاول بھٹو کو لیڈر شپ کیلئے تیار کررکھا ہے تو نون نے بھی مریم نواز اور حمزہ شہباز کو سیاسی میدان میں اتار رکھا ہے مقتدرہ اور تحریک انصاف کے تعلقات کی خرابی کے بعد سے چوائسز دوپارٹیوں تک محدود ہو کر رہ گئی تھیں نئی سیاسی لیگ اسی خلاء کو پر کرنے کیلئے میدان میں اترے گی۔نئی سیاسی لیگ اپنے مقاصد میں نئی اور نوجوان قیادت کوسامنے لانا بھی شامل رکھے گی۔ نئے صوبے بننے سے نہ صرف نئی قیادتیں ابھریں گی بلکہ نئی لیگ میں بھی نئے چہرے آئیں گے اور اگر نئی لیگ کو طاقتور حلقے کی حمایت ملتی رہی تو کل یہ بھی توانا سیاسی آواز بن سکتی ہے۔

تازہ ترین