• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک عیال دار شخص ایک حاجی صاحب کے پاس گیا اور انہیں بتایا کہ دو ماہ بعد ان کی بیٹی کی شادی ہے،اس نے تین لاکھ روپے شادی کیلئے جمع کیے ہوئے ہیں۔یہ رقم اپنے پاس امانتاً رکھ لیں،وہ دو ماہ بعد ان سے لے جائیگا۔حاجی صاحب نے رقم لی اور کہا’’یہ میرے پاس آپ کی امانت ہے،آپ جب چاہیں واپس لے جائیں‘‘دو ماہ بعد وہ شخص واپس حاجی صاحب کے پاس آیا اور اپنی رقم واپس مانگی۔

حاجی صاحب نے حیرت سے اس کی طرف دیکھا اور پوچھا’’عزیزم! کونسی رقم؟‘‘

اس شخص نے کہا ’’جناب جو میں آپ کے پاس رکھوا کر گیا تھا ‘‘

حاجی صاحب نے فرمایا’’عزیزم آپ کو غلطی لگی ہے،آپ نے میرے پاس کوئی رقم نہیں رکھوائی‘‘اس شخص نے کہا’’حاجی صاحب یہ آپ کیا کہہ رہے ہیں جب میں نے آپ کو تین لاکھ روپے دیئے،اس وقت آپ کے یہ تینوں بیٹے بھی آپ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے‘‘

حاجی صاحب بولے’’پھر تو مسئلہ ہی حل ہو گیا،ان سے پوچھ لیتے ہیں،اگر وہ کہیں کہ ہاں آپ نے رقم دی تھی تو آپ کی امانت آپ کو واپس مل جائے گی‘‘پھر انہوں نے اپنے بڑے بیٹے کو مخاطب کیا۔

’’کیوںحاجی نعیم ان صاحب نے میرے پاس کوئی رقم رکھوائی تھی؟‘‘

’’نہیں والد محترم.......!‘‘

’’کیوں حاجی نسیم تمہارے سامنے ان صاحب نے مجھے کچھ رقم دی تھی؟‘‘حاجی صاحب نے درمیان والے بیٹے سے استفسار کیا۔

’’نہیں والد محترم، میں تو ان کی شکل ہی آج دیکھ رہا ہوں‘‘

’’تم بتاؤ محمد حسن،انہوں نے تین لاکھ روپے مجھے دیئے تھے؟ــحاجی صاحب نے آخر میں سب سے چھوٹے بیٹے سے پوچھا۔

’’جی والد محترم، انہوں نے میرے سامنے آپ کو تین لاکھ روپے دیئے تھے.....!‘‘

اس پر حاجی صاحب نے اپنے تینوں بیٹوں کی طرف دیکھا اور کہا’’حاجی نعیم،حاجی نسیم،ان صاحب کے تین لاکھ روپے انہیں واپس کرو اور محمد حسن کو فوراً حج پر بھیجو!‘‘بظاہر یہ لطیفہ ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ اس وقت اسی قسم کے جعلی اسلام دوستوں کے شکنجے میں پھنسا ہوا ہے جو عبادت اور معاملات کو الگ الگ چیزیں سمجھ بیٹھے ہیں ۔اگر کوئی شخص امانت میں خیانت کرتا ہے،جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث ہے،کھانے پینے کی چیزوں میں ملاوٹ کرتا ہے،اسمگلنگ اور ہیروئن فروشی کا’کاروبار‘اپناتا ہے،رشوت دیتا اور رشوت لیتا ہے،قومی خزانے میں بالواسطہ یا بلا واسطہ طور پرخوردبرد کرتا ہے،کسی کے حقوق غصب کرتا ہے،یتیم اور مسکین کا مال کھاتا ہے،پلاٹوں پر قبضے کرتا ہے،ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے دولت کماتا ہے اور ظالم کا ساتھ دیتا ہے،اللہ تعالیٰ کو اس شخص کی نمازوں اور روزوں سے کوئی غرض نہیں،ناجائز ذرائع سے کروڑوں روپے ڈکارنے والوں کی بریانی کی دیگ بھی اللہ تعالیٰ کو قبول نہیں،جو وہ داتا صاحب جا کر چڑھاتا ہے۔اللہ تعالیٰ کو ایسا مخیر بھی پسند نہیں جو لوٹ مار کے مال میں سے عمرے کرتا ہے اور دینی مدرسوں کو چندے دیتا ہے۔خدا کے نزدیک وہ آنسو بھی مگر مچھ کے آنسوؤں میں شمار ہوتے ہیں جو اس نوع کے بد کردار لوگ جھوم جھوم کر نعت سننے کے درمیان بہاتے ہیں مگر آپ یقین کریں ہمارا معاشرہ یہ سب باتیں بھول چکا ہے،بعض مذہبی پیشوا انہیں یقین دلا چکے ہیں کہ تم سب حرام کاریاں کرو بس ہر گناہ کے بعد نماز پڑھ کر اس گناہ کی معافی مانگ لیا کرو اللہ تعالیٰ تمہیں اپنے دامان رحمت میں جگہ دے گا۔حالانکہ یہ معافی صرف عبادت میں ہونے والی کوتاہی میں ممکن ہے معاملات میں نہیں،یہی وجہ ہے کہ بعض نیکو کاروں کے علاوہ اول درجے کے ملک دشمنوں اور معاشرے کے روگیوں کی دکانوں اور گھروں میں بھی یہی تختی لگی ہوتی ہے’’یہ سب تمہارا کرم ہے آقا کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے‘‘

میرے نزدیک تو یہ بات رسالت مآب ﷺکی شانِ اقدس میں گستاخی کے زمرے میں آتی ہے اور ایسے لوگوں کے خلاف اسی قانون کے تحت کارروائی ہونا چاہیے۔اسلام کے ان جعلی دوستوں کے علاوہ پاکستان کے جعلی دوست بھی ہمارے ہاں کثیر تعداد میں موجود ہیں بلکہ میرے نزدیک یہ اکثریت میں ہیں ۔ہمارے ذاتی مفادات کے سامنے پاکستان کے مفادات کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔سورنے صرف گنے کی گٹھلی کھانا ہوتی ہے مگر اس کے لیے وہ کماد کا سارا کھیت برباد کر دیتا ہے،ہم 14 اگست کو سائیکلوں،موٹر سائیکلوں،کاروں،ویگنوں اور اپنے گھروں پر پاکستان کا جھنڈا لہراتے ہیں۔پاکستان زندہ باد کے حلق شگاف نعرے لگاتے ہیں۔عام گفتگوؤں میں ملک کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ہمارے حکمران پرچم کشائیاں کرتے ہیں،قوم کو حب الوطنی کا درس دیتے ہیں،اور محب وطنوں کو غدار قرار دیتے ہیں اور یہ نہیں سوچتے کہ ان کا اپنا کون سا عمل ان کے محب وطن ہونے کی گواہی دیتا ہے؟صرف پاکستان زندہ باد....... دل دل پاکستان۔ جیوے جیوے پاکستان یہ کہنا تو بہت آسان ہے مگر بقول اقبال۔

زباں سے کہہ بھی دیا لاالہ تو کیا حاصل

دل و نگاہ مسلماں نہیں تو کچھ بھی نہیں

اہل سنت کہلوانے والوں میں سے کون ہے جو حضورﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے مظلوموں کے لیے میدان میں اترنا ہے؟اہل حدیث کہلوانے والوں میں سے کون ہے جو حضورﷺ کی اس حدیث پر عمل کرتا ہے کہ"بہترین جہاد جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنا ہے"۔حسینیوں میں سے کون ہے جو حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے راستے پر چلتے ہوئے اپنے عہد یزید سے ٹکر لیتا ہے؟اسلام سے محبت کے صرف دعوے، پاکستان سے محبت کے بھی صرف دعوے اور اصل محبت صرف اپنے آپ سے؟ہم سب اسلام اور پاکستان کے جعلی دوست ہیں۔اگر ہم اسلام دوست ہیں تو نقلی مسلمانوں کے ہاتھوں اسلام کی بربادی کا تماشا کیوں دیکھتے ہیں اور اگر ہم پاکستان دوست ہیں تو طالع آزماؤں کے ہاتھوں پاکستان کی بربادی کا تماشا کیوں دیکھتے چلے آرہے ہیں ۔پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی آخری پناہ گاہ ہے مگر ہمیں پاکستان سے زیادہ اپنے چھوٹے چھوٹے مفادات عزیز ہیں۔اپنا رتبہ اور منصب عزیز ہے۔حرام ذرائع سے بنایا ہوا مال عزیز ہے۔یا خدا یہ رتبہ ومنصب اور جان اور مال ان سے چھین لے جنہیں یہ رتبہ،جان اور مال پاکستان سے زیادہ عزیز ہے۔

تازہ ترین