• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسین نقی نے مجھے لکھا ’’13جون کا کالم میرے علاوہ زہرہ کوبھی پسند آیا کہ یہ تاریخ اس کی سالگرہ کی بھی ہے‘‘۔

حسین نقی اور ہم سب لکھنے والےقلعہ میں بند ہوئے اور جیل کی کوٹھڑی میں ہنستے ہوئے ہتھکڑی لگواتے رہے۔30برس تک ایچ آر پی پی میں کام کیا اور کتنے ہی اخباروں کے مدیر کی حیثیت سے حوصلے کے ساتھ خطرناک خبروںکو جانتے ہوئے کہ اس خبر سے انکی نوکری چلی جائیگی، شائع کیا۔متعددمرتبہ قیدوبند اور حکام کی انتقامی کارروائیوں کے باوجود بڑے حوصلے کے ساتھ لکھتے ،ہمیشہ عملی صحافت کا نمونہ پیش کیا۔

مارشل لا کے زمانے میں(کم ازکم30سال تو )کوڑوں والی سرکار کی حکومت میں کبھی شہر بدر ، کبھی صوبہ بدر، کبھی جیل اوراب تو یہ حالت تھی کہ حسین نقی کو چھاپتے ہوئے، اخبار والےڈرتے تھے۔ بعد ازاں خود ہی اخبار کے مدیر کہہ دیتے’’ ارے ہم پر تو تمہارا مضمون نہ شائع کرنے کی پابندی ہے‘‘۔

وہ لڑکا جو کالج یونین سے شروع ہوا تھا۔ اس نے ملک کے ہر اخبار میں کام کیااور خود ہی پابندیاں دیکھ کر استعفیٰ دے دیا۔ ہمارے اخباروں کی بس دونیوز ایجنسیاں تھیں۔ دونوں میں کام کیاپھرخود ہی چھوڑ دیا۔

ضیاء الحق کے شدید مارشل لاکے زمانے میں، ایک اردو بولنے والے حسین نقی نے پنجابی زبان کا اخبار نکالا۔ اسکی اٹھان ہی ایسی تھی کہ ہم سب کو اندازہ تھا کہ آج گیا یا کل گیا۔ بہرحال پنجابی اخبار بند ہوا۔ تو کئی ہفت روزہ رسالوں اور اخباروں میں خاص کر سقوط مشرقی پاکستان پہ کھل کر لکھا۔

آج کے زمانے میں بظاہر وہ گھر میں ہی رہتے ، کتابیں پڑھتے اور زہرہ کی دلداری کرتے دن گزارتے تھے۔کوئی ادارہ یا شخص جس کو جان ودل عزیز نہیں تھا۔ انہوں نے حسین نقی کو بولنے کے لئے کہا اور سچ کہا، جرات کے ساتھ بولنے والے تو رہے ہی نہیں اب۔ آخری شام تقریر کرتے ہوئے نقی صاحب نے کہا کہ ابھی تک سیاست دانوں کو سیاست کرنی نہیں آئی۔

عوامی حقوق اور جمہوریت جسے پاکستان میں کچلا جاتا رہا ہے۔ اب بھی سمجھ جاؤ۔ ورنہ ایک طرف طالبان ہیں دوسری طرف ہندوتوا۔ بہت لوگ مرواچکے ہو۔ عملی سیاست بار بار کہہ رہی ہے کہ25کروڑ بھوکے لوگ تم پر ہی ٹوٹ پڑیں گے۔زمانہ کہہ رہا ہے کہ طاقتوروں کے سامنے سچ سنو سچ بولو۔

بھٹو صاحب کے زمانے میں، بھٹو سے نقی کی بہت دوستی تھی۔ مگر بھٹو صاحب کو بھی سچ لڑجاتا تھا۔ نقی پھر اندر کردیے جاتے۔پولیس والے آکر پوچھتے ’’ سر آپ کی تو بھٹو صاحب سے بہت دوستی تھی۔ پھر آپ قلعہ میں کیوں ہیں‘‘۔

نجی زندگی میں بہت سادہ اور زہرہ جو قزلباش خاندان سے ہیں۔ سادگی اورمحبت سے شادی کی۔ زہرہ نے نقی کے ساتھ زندگی کے ساٹھ برس بہت حوصلے اور محبت کے ساتھ گزارے۔ میری نئی کتاب آتی۔ پہلے زہرہ پڑھتیں اور اپنی رائے دیتیں۔ تسنیم اور منٹو صاحب ، حسین نقی اور زہرہ، دونوں جوڑوں نے بہت خوشگوار زندگی گزاری۔ انڈیا پاکستان دوستی فورم، ڈاکٹرمبشرحسن کے ساتھ نقی نے بھی بہت کچھ ان الٹی عقل کے سیاست دانوں کو سمجھانے کی کوششیں کیں۔ مگر ہر شخص کو اپنی کرسی بچانی ہے اور جو بچا ہے، اسکو کھانے کی وہ ہوس رہی ہے کہ 80سال کو مڑ کر دیکھو، تواپنے آپ میں ندامت ہوتی ہے۔ لاکھ سمجھایا کہ ہمسائے بدلے نہیں جاسکتے۔ ان دونوں ملکوں کوتو غالب اور نظام الدین اولیا نے اب تک سہارا دیا ہوا ہے مگر خاندان کے خاندان ملک کو بھوکوں کی طرح اٹھارہ برس سے کھائے جارہے ہیں۔

محسن نقوی نے انکی جاگیروں کو ذرا چھیڑا ہے۔ وہی ایک دوسرے کے ساتھ سرپٹھول جاری ہے۔ شرم بھی موجودہ حکومت کو نہیں آتی کہ عالمی ادارے اور تنظیمیں احتجاج کررہی ہیں کہ سینکڑوں لوگوں کو جیل میں ڈالا ہوا ہے۔ ان کو نکالو، مگر ہرروز نئے سے نئے جوڑوں کے ساتھ اپنا دورہ رکھ لیتے ہیں۔ اب تو روٹی بھی میسرنہیں۔ یہ زمانہ گندم کی فصل کا ہے، چور اُچکے ، بوریوں کی بوریاں چھپائے بیٹھے ہیں۔

ایک سیر آٹا بھی نہیں میسر۔ یہ وہ ملک ہے جوگندم کا ذخیرہ کہلاتا تھا۔ کیا ہوا ہے کہ چینی اپنے زمانے میں نایاب اب گندم نایاب ہے۔ تذکرے کہ ہم نے اتنی قسم کے چاول اُگائے اور گندم کی فصل بہت اچھی ہوگی۔ لوگ جلوس نکال رہے ہیں۔ کہتے ہیں جلوس توپیرس میں بھی نکالے جارہے ہیں ۔اللہ کرے نیا سال نئی معیشت اور نئے چہرے لائے۔

تازہ ترین