فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے دوحہ پر اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی شناخت ظاہر کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق حملے میں حماس کے مذاکراتی وفد کے سربراہ خلیل الحیہ کے فرزند اور آفس انچارج شہید ہوئے، دیگر شہداء میں احمد مملوک، عبداللّٰہ عبدالواحد اور مومن حسون بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب قطری حکام کا کہنا ہے کہ دوحہ میں اسرائیلی حملے میں شہید 6 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں امیر قطر سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
قطری وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ شہداء میں سیکیورٹی فورس قطری اہلکار بدر سعد بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملے کیے، صہیونی فوج کا ہدف فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی مرکزی قیادت تھی۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ دوحہ میں حماس کے مذاکراتی رہنماؤں کو دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔