• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنوعی انداز میں اسٹارڈم پیدا کرنے کا دور ختم ہوچکا، شاہد کپور

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار شاہد کپور کا کہنا ہے مصنوعی انداز میں اسٹارڈم پیدا کرنے کا دور ختم ہوچکا ہے، کیونکہ آج کے ناظرین حقیقی اور پیسے دے کر حاصل کی جانے والی مقبولیت میں فرق جانتے ہیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ فنکاروں کے لیے لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کا واحد مؤثر ذریعہ اپنی شخصیت اور کام میں حقیقت پسندی برقرار رکھنا ہے۔

فلمی صنعت میں پی آر کے لیے پیسے دینے اور سوشل میڈیا مہمات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بات کرتے ہوئے شاہد کپور نے کہا کہ آج یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ 

جمعہ کو منعقدہ خواتین کی تقریب کے تازہ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے دہلی سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ شاہد نے کہا آج ہر شخص جانتا ہے کہ پیسے دے کر پی آر کروایا جاسکتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ 30 سال پہلے بھی ایسا ہوتا ہوگا، چونکہ میں اس وقت فلمی دنیا میں موجود نہیں تھا، اس لیے تب حالات مختلف رہے ہوں گے۔ اس وقت سوشل میڈیا نہیں تھا، لیکن میڈیا ضرور موجود تھا۔ پیسے دے کر پی آر کروانا ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے اور اس میں چھپانے والی کوئی بات نہیں۔

انہوں نے کہا میں یہ نہیں کہوں گا کہ یہ مکمل طور پر غلط ہے کیونکہ اگر آپ اپنی ذات یا اپنی مصنوعات کی تشہیر کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے پیسے خرچ کرکے پروموشن کروانا پڑتا ہے۔ آج یہ رجحان ہر شعبے میں موجود ہے۔ لوگ بھی اسے سمجھتے ہیں۔ سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی شخصیت میں حقیقت پسندی برقرار رکھیں۔ 

شاہد کپور نے کہا بناوٹی تشہیر اور ایک مخصوص پیکیج کے ذریعے اسٹار بنانے کا رجحان بھی اب لوگوں کو پسند نہیں۔ ایک وقت تھا جب اس میں کشش محسوس ہوتی تھی، لیکن اب اس کی اتنی بھرمار ہوگئی ہے اور لوگ اس سے آگے بڑھ چکے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید