ملتان (سٹاف رپورٹر)عوامی تحریک کے زیراہتمام 27 اگست کو ملتان میں چوک گھنٹہ گھر تا نواں شہر ہونیوالی تحریک قصاص ریلی و دھرنا کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،ریلی کی قیادت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد،سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کریں گے جبکہ خواجہ عامر فرید کوریجہ،سردار شاکر مزاری،چوہدری فیاض احمد وڑائچ،ڈاکٹر زبیر اے خان،چوہدری قمر عباس دھول اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف بھی شریک ہونگے،ریلی اور دھرنے میں شرکت کیلئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔اسی سلسلے میں عوامی تحریک کے وفد نے میجر محمد اقبال چغتائی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے دفتر میں امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان آصف محمود اخوانی اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اورنگزیب سے ملاقات کی، وفد نے تحریک انصاف کے نومنتخب سٹی صدر ڈاکٹر خالد خاکوانی ،سنی تحریک کے رہنما ڈاکٹر عمران مصطفیٰ قادری،مرکزی جماعت اہلسنت کے رہنما زاہد بلال قریشی اور مرکزی میلاد کمیٹی شاہ رکن عالم ٹائون کے صدر رکن الدین ندیم حامدی کو بھی ریلی میں شرکت کیلئے دعوت دی ،دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کے مشترکہ اجلاس میں ریلی کے انتظامات کیلئے مشترکہ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔