پشاور(سٹی رپورٹر) اہلسنت والجماعت ضلع پشاور کے صدر مولانا محمد اسماعیل درویش نے مطالبہ کیا ہے کہ سربراہ متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایا جائے اور فوجی عدالت میں پیش کرنے سمیت فوجی عدالت کے قوانین کے مطابق سزا دی جائے۔ پاکستان مخالف نعرے لگانے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اہلسنت والجماعت ضلع پشاور کے صدر مولانا محمد اسماعیل درویش نے کہا کہ الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف نعرے لگانا ملک دشمنی کا واضح ثبوت ہے ‘نعرے لگانے سے ثابت ہو گیا کہ وہ بھارت کا جاسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت کریگا انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہمارے اکابرین نے پاکستان بننے کے وقت قربانیاں دی تھیں ہم بھی ان کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں اور پاکستان کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں چاہے ہماری جانیں چلی جائیں۔ پاکستان کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے خلاف ہیں اور ان تمام قوتوں کی بھر پور مزاحمت کی جائیگی جو پاکستان کے خلاف ہیں۔