• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین کی ہر زہ سرائی، میڈیا ہائوسز پر حملے ،راولپنڈی اسلام آباد میں مظاہرے

راولپنڈی ،اسلام آباد( اپنے رپورٹر سے،خصوصی نامہ نگار) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کیخلاف  سول سوسائٹی نے احتجاجی مظاہرے  کئے،  مظاہرین نے  ریڈ زون پر چڑھائی  کر کے  اندر داخل ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا ۔ انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا اور گروپوں کی شکل میں آنے والے مظاہرین کو سرینا چوک تک محدود کردیا جہاں انہوں نے الطاف حسین کے پتلے اور تصویریں نذر آتش کیں۔ احتجاج کے لئے ریلیوں کی شکل میں ریڈ زون کی طرف آنے والوں کی قیادت نوجوانانِ پاکستان کے قائد عبداللہ حمید گل، سی ڈی اے مزدور یونین سیکرٹری جنرل چوہدری یٰسین اور سیدپور کے کونسلر احمد بٹ کررہے تھے۔ مظاہرین پاکستان زندہ باد، دشمنان پاکستان نا منظور نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔دریں اثنا ء  الطاف حسین کی ہرزہ سرائی اور میڈیا سروسز پر حملوں کےخلاف منگل کو نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی ریلی منعقد ہوئی ریلی کی قیادت نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم، سیکرٹری عمران ڈھلوں، پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ، شہریار خان،علی رضا علوی،  بلال ڈار اور دیگر نے کی مظاہرین نے  جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے ۔ مقررین نے  اپیل کی کہ کارکنوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ کراچی میںمیڈیا ہائوسز پر ایم کیوا یم کیخلاف آل پاکستان نیوز پیپرز ایمپلائز کنفیڈریشن کے اسلام آباد سمیت کراچی ، لاہور اور ملتان میں اجلاس منعقد کئے گئے ۔ اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل ایپنک سید اکرام بخاری، کراچی میں چیئر مین ایپنک شفیع الدین اشرف، جبکہ لاہور اور ملتان میں اجلاسوں کی قیادت مقامی عہدیداران نے کی ۔ اس کے علاوہ کراچی ایپنک کا بھی خصوصی اجلاس چیئرمین کراچی ایپنک مرزا عمران بیگ اور وائس چیئرمین کراچی ایپنک رانا محمد یوسف کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ ایپنک کے اجلاسوں میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ میڈیا انڈسٹری سے متعلق صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی زندگیاں خطرہ میں  ہیں ،حکومت کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کےلئے فوری طور پر  انشورنس کا اعلان کیا جائے ۔ دوسری جانب   کراچی میں میڈیا ہائوسز پر ایم کیو ایم کے حملوں کے خلاف راولپنڈی میں میڈیا تنظیموں اور دیگر نے اختجاجی مظاہرے کئے۔جبکہ سیاسی و سماجی رہنمائوں نے اس کی مذمت کی ہے۔مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام الطاف حسین کی پاکستان مخالف نعرے بازی اور میڈیا ہائوسز کےخلاف مری روڈ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔جس کی قیادت پنجاب کے صدر سردار مظہر نے کی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سردار مظہر،ارسلان کیانی،بلال ربانی،اسامہ قریشی اور دیگر نے کہا کہ بانیان پاکستان کے شہر میں پاکستان مخالف نعرے بازی اور قیام پاکستان کو غلطی کہنا نہایت المناک سانحہ ہے،۔راولپنڈی کرائم کورٹ اینڈ سٹی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتما م   پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔جس کی قیادت شاہد ملک اور دیگر کررہے تھے۔ آرسی سی سی جے اے کے صدر شاہد ملک اور گلزار خان نے ایم کیوایم کے سربراہ کے خلاف غداری کی دفعات کے تحت مقدمہ کے اندراج کیلئےپولیس کو درخواست بھی دی ، شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔مظاہرے میں پی پی پی ، پی ایس ایف ، پی وائی او، سنی تحریک ، تاجرتنظیموں اور وکلاء کے نمائندوں نے شرکت کی ،شرکاء نے پریس کلب راولپنڈی سے مری روڈ لیاقت باغ تک احتجاجی ریلی نکالی ،بعدازاں لیاقت باغ میں شرکاء سے خطاب کرتے مقررین نے کہاکہ پاکستان کے خلاف کسی نعرے کو برادشت نہیں کیاجائے گا ۔راولپنڈی کرائم اینڈ کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بھی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت سید سلطان شاہ نے کی۔سربراہ سنی تحریک  کے زیر اہتمام بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرین  نے الطاف حسین کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے اور پاک سرزمین کوان سے پاک کر نے کا مطالبہ کیا ۔جمیعت مشائخ پاکستان کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ مقصود احمد صابری نے  میڈیا ہائوسز پر حملوں اور صحافیوں کو تشد د کا نشانہ بنانے  کی  مذمت کی ۔ صاحبزادہ مقصود احمد صابری نے کہا کہ الطاف حسین کو معلوم ہو نا چاہیے کہ یہ پاکستان ہے ریاست جونا گڑھ نہیں کہ جہاں پر تمہاری سکہ شاہی چلے گی ۔
تازہ ترین