• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں الطاف  حسین کیخلاف مظاہرے، ریلیاں،90پر پاکستانی پرچم، زندہ باد کے نعرے تحریر

  لاہور ، سکھر (  جنرل رپورٹر،نمائندہ خصو صی ،خصوصی رپورٹر، اکنا مک رپورٹر ،نامہ نگاران، بیورو رپورٹ) پاکستان مخالف تقریرپر ملک بھر میں الطاف حسین کیخلاف سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں نے احتجاجی مظاہرے کئے  اور ریلیاں نکالیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی تقریر پاکستان توڑنے کے عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے، ایم کیو ایم کے قائد نے دہشت گرد جماعت ہونے کا ثبوت دیدیاہے، الیکشن کمیشن اورسپریم کورٹ ازدخودنوٹس لیکر ایم کیو ایم پر پابندی لگائے۔ تفصیلات کے مطابق سنی تحریک ضلع سکھر کے زیر اہتمام مرکزی رہنما حافظ محبوب علی سہتو کی قیادت میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد کےنعرے لگا کر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ ریلی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محبوب علی سہتو نے کہا کہ عوام اہلسنت پاکستان کیخلاف بات کرنے والوں کی زبانیں کھینچ لیں گے ۔کندھ کوٹ میں پریس کلب کے باہر (ن) لیگ، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین، قومی امن کمیٹی ودیگرتنظیموں کے کارکنان نے بھی ’’پاکستان زندہ آباد‘‘ ریلی نکالی اور ایم کیوایم اور قائد الطاف حسین کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔سکھر میں  شہری اتحاد کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرین پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔۔ لاہور پریس کلب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پنجاب یونین آف جرنلسٹس ،ایمرا اور  اینکا کے زیر اہتمام کراچی میں صحافیوں اور میڈیا ہائوسز پر ایم کیو ایم کے  کارکنوں کی طرف سے حملوں اور تشدد کے خلاف پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینئر صحافیوں ، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ مظاہرین  سے خطاب کرتے ہوئے  صدر پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے کہا کہ ہمیں اب باہر نکلنا پڑے گا، حکومت صحافیوں اور میڈیا ہائوسز کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ لاہور پریس کلب کے نائب صدر عبدالمجید ساجد نے  کہا کہ کل جس بربریت کا مظاہرہ کیا گیا پریس کلب اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔۔ صدر پی یو جے شہزاد حسین بٹ  نے کہا  کہ  جب تک الطاف حسین    کو پاکستان نہیں لایا جاتا ہم احتجاج جاری رکھیں گے۔پی یو جے کے جنرل سیکرٹری عامر سہیل نے کہا کہ ہمیں اپنا حق لینے کیلئے باہر نکلنا پڑے گا۔ایمرا کے صدر عابد خان نے کہا کہ کراچی میں جس طرح ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا گیا ، صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا مگر ہمیں تحفظ فراہم نہیں کیا گیا، اب ہمیں خود باہر نکلنا پڑے گا ۔ احتجاجی مظاہرے میں   صدر پی ایف یو جے   رانا محمد عظیم، نائب صدر لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد، صدر پی یو جے شہزاد حسین بٹ، جنرل سیکرٹری عامر سہیل، صدر ایمرا عابد خان، سیکرٹری ایمرا آصف بٹ، ممبر گورننگ باڈی پریس کلب جواد رضوی، فرقان الٰہی، شیر افضل بٹ، اینکا کے صدر وحید بٹ، ظہیر عباس، سینئر صحافی نعیم مصطفیٰ، جواد فیضی، شاہد چوہدری،حبیب چوہان، شرقی ٹیپو، مظہر اقبال ، مقیم چوہدری، تنویر ہاشمی، فاروق جوہری، قاسم رضا اور دیگر صحافی شریک تھے  ۔جماعت اسلامی لاہو رکے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہرکراچی میں میڈیا دفاتر پر حملوںاور الطاف حسین کی طرف سے پاکستان کے خلاف نعرے لگوانے کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ کیاامیر جماعت اسلامی لاہو ر ذکر اللہ مجاہد الطاف حسین  نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں نازیبا اور گندی زبان استعمال کرنے والے کسی قسم  کی رعائیت کے مستحق نہیں ۔  تحریک انصاف  کےممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی  ،   ڈاکٹرشاہد صدیق خان،سیکرٹری انفارمیشن  پنجاب   صمصام بخاری نے    کہا کہ میڈیا ہائوسز پر حملہ کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِکردار تک پہنچایا جائے ۔گوجرانوالہ میں  سول سوسائٹی کونسل کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔۔  منڈی بہاؤالدین  ، نارووال ،بہاول نگر،ساہیوال ،مصطفی آباد/للیانی،حاصل پور،ملک وال اور   دیگر شہروں میں بھی سیاسی و مذہبی تنظیموں نے   احتجاجی مظاہرے   کئے اور ریلیاں نکالیں ۔ادھر راولپنڈی ،اسلام آباد میں بھی الطاف حسین کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کیخلاف سول سوسائٹی نے احتجاجی مظاہرے کئے گئے، مظاہرین نے ریڈ زون پر چڑھائی کر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا ۔ انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا اور گروپوں کی شکل میں آنے والے مظاہرین کو سرینا چوک تک محدود کردیا جہاں انہوں نے الطاف حسین کے پتلے اور تصویریں نذر آتش کیں۔
تازہ ترین