اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے پاکستان کی ریاست پر براہ راست حملہ کیا ،جس کے بعد کراچی شہر میں پرتشدد کارروائیاں کی گئیں ‘ حکومت ان کے خلاف برطانوی حکومت کو ریفرنس بھیجے گی، ہم برطانیہ کی جمہوریت اور قانون سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ الطاف حسین کے خلاف ضرور کارروائی کریں گے۔ ایک گفتگو کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ الطاف حسین نے لوگوں کو کراچی میں میڈیا ہائوسز پر حملہ کرنے کے لئے اکسایا۔ انہوں نے کراچی میں قانون ہاتھ میں لیا اور نجی ملکیتوں پر حملہ کرکے ان کو نقصان پہنچایا۔ اس معاملہ سے نمٹنے کے لئے حکومت مطلوبہ اقد اما ت اٹھا رہی ہے۔ الطاف حسین کی ملک دشمنی کی حرکات پر حکومت پاکستان خاموش نہیں رہ سکتی اور ان کے خلاف بر طا نوی حکومت کو ایک ریفرنس بھیجے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جب الطاف حسین کے خلاف ہم شکایات درج کراتے تھے تو برطانوی حکام کہتے تھے کہ ان کے ملک میں تحریر اور تقریر کی آزادی ہے مگر اس بار ہمیں امید ہے کہ برطانوی حکومت ہماری شکایت کو سنجیدہ لے گی کیونکہ الطاف حسین نے لوگوں کو نجی ملکیتوں پر حملوں کے لئے اکسایا اور کراچی شہر میں بدامنی پھیلائی گئی۔ برطانیہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے خود جاکر ان کے خلاف شکایات درج کرائی ہیں جن کا برطانوی حکومت جائزہ بھی لے رہی ہے۔ ہم بھی برطانوی حکام سے اس حوالے سے رابطے میں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس کا جائزہ لے رہے ہیں جس میں انہوں نے الطاف حسین سے لاتعلقی اور ان سے فاصلہ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ انہوں نے جو الفاظ استعمال کئے ہیں ان پر عمل بھی کرتے ہیں یا نہیں۔ جس طرح دوسری سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اگر اسی طرح فاروق ستار کی قیادت میں ایم کیو ایم نے کردار ادا کیا تو سب اس کو خوش آمدید کہیں گے۔ پرویزرشید نے کہا کہ مشرف دور میں بھی الطاف حسین نے بھارت میں پاکستان کے خلاف تقریر کی تھی مگر اس کے خلاف کسی نے بھی ایکشن نہیں لیا تھا کیونکہ وہ اس وقت آمر پرویز مشرف کے اتحادی تھے۔ اس وقت میڈیا بھی اتنی بڑی تعداد میں موجود نہیں تھا کہ وہ ان کا اصل چہرہ عوام کو دکھا سکتا۔ یا پھر میڈیا کو اس بات سے روکا گیا ہوگا۔ وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا کہ میڈیا ہائوسز کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے جو کمیٹی تشکیل دی ہے آئندہ ہفتے اس کمیٹی کا اجلاس طلب کررہا ہوں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری داخلہ اور وفاقی حکومت کے نمائندے شریک ہونگے جس میں میڈیا ہائوسز کی حفاظت کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔