اسلام آباد( طاہر خلیل)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مائنس الطاف حسین کے سوا کام نہیں چلے گا۔الطاف حسین کے پاس بیٹھے لوگ بھارتی لابی کا حصہ ہیں جبکہ سینٹ کے قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہاکہ الطاف حسین مائنس ہوگئے یہ کہنا ابھی قبل ازوقت ہے۔پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وقتی طور پر فاروق ستار نے صحیح بات کی ہے۔ تاہم لندن کی جماعت خاموش ہو کر نہیں بیٹھے گی۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پوری کو شش کی جائے گی کہ اختیارات لندن سے کراچی منتقل نہ ہوں۔اس وقت جو بھی الطاف حسین کا ساتھ دے گا اس کا مطلب ہے کہ وہ ریاست مخالف ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ الطاف حسین کے پاس بیٹھے لوگ بھارتی لابی کا حصہ ہیں۔ پہلے براہمداغ بگٹی کو سامنے لایا گیا اور اب الطاف حسین سے بیان دلوایا گیا۔ادھر سینٹ کے قائد حزب اختلاف اعتزازاحسن نے مختلف رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین اتنی جلدی مائنس نہیں ہوسکتے۔پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کے جھنڈا اٹھانے سے یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ پارٹی میں الطاف حسین کا کردار ختم ہوگیا۔ماضی میں بھی مائنس فارمولوں کی کوشش کی گئی مگر وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکے۔