کراچی (اسٹاف رپورٹر) مالی مشکلات کی وجہ سے اس سال کے آ خر میں ہونے والی پاکستان ہاکی لیگ کا انعقاد خطرے میں پڑ تا ہوا نظر آ رہا ہے، اس انٹر نیشنل ہاکی لیگ کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کو بڑی اسپانسر شپ نہیں مل سکی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے بھی پی ایچ ایف کو تاحال کوئی مثبت یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملکی تاریخ کی پہلی ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ چار ماہ قبل کیا تھا ۔ پی ایچ ایف نے ہاکی لیگ کیلئے ملٹی نیشنل اداروں سے رابطے کئے تاہم کامیابی نہ ملنے پر فیڈریشن کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے، فیڈریشن نے سپر ہاکی لیگ کو بچانے کیلئے حکومت اور چاروں صوبائی حکومتوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔