• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک دشمن پگھل کر پاکستان زندہ باد کے نعرے پر آگئے ہیں، خورشید شاہ

سکھر(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام نے کراچی میں ملک دشمن نعرے لگانے والوں کے خلاف بھرپور ری ایکشن کیااورملک دشمن نعرے لگانے والے پگھل کر پاکستان زندہ باد کے نعرے پر آگئے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک اور قوم کیلئے دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کا مقابلہ کررہی ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ آزادی ٹرین محکمہ ریلوے کی ایک اچھی کاوش ہے جس پر میں محکمہ ریلوے کے تمام افسران اورملازمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وہ سکھر اسٹیشن پر آزادی ٹرین کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے آزادی ٹرین جو چلائے جانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اسے جاری رہنا چاہیے، ریلوے کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے، چلو دیر آئے درست آئے ۔ امید ہے کہ محکمہ ریلوے آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین میں ملک کے تمام صوبوں ، آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے فلوٹ شامل ہیں جبکہ ٹرین کی بوگیوں کو سجانے کے ساتھ ساتھ جو پینٹنگ کی گئی ہے اس میں آپریشن ضرب عضب ، پاک چین دوستی، مختلف علاقوں کے تاریخی مقامات، قائد محمد علی جناح، علامہ اقبال کی تصاویر اور مسلح افواج کی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حوالے سے جو عکاسی کی گئی ہے وہ قابل تحسین ہے۔خصوضاً مقبوضہ کشمیر میں عوام پر مظالم کی بہت اچھی تشریح کی گئی ہے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ آزادی ٹرین کے موقع پر عوام کا ہزاروں کی تعداد میں یہاں پہنچنا، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانا، ریلیوں کی صورت میں پاکستانی پرچم ہاتھوں میں تھامے، آزادی ٹرین کو دیکھنے کے لئے اسٹیشن آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم اپنے ملک سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختو نخواہ سے شروع ہونے والی آزادی ٹرین ملک کے مختلف شہروں سے ہوتی ہوئی سکھر پہنچی ہے، سکھر کے بعد یہ ٹرین بلوچستان جائے گی، بلو چستا ن کے واپس سکھر آئے گی اور سکھر سے سندھ کے مختلف شہروں سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچے گی۔دریں اثناء لاڑکانہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق  جمعے کی شام مقامی ہوٹل میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے پارٹی تنظیم نو کےایک بڑے اجتماع کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے بعد پہلی بار پارٹی کی تنظیم نو کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کو نئے خطوط پر چلانے کیلئے کارکنوں کی رائے کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں اور اسی وجہ سے سندھ کے مختلف علاقوں میں کارکنوں سے رائے حاصل کی جا رہی ہے۔ تمام کارکنوں کی رائے ملنے کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ضلع،ڈویژن اور صوبے کے صدور اورسیکرٹریوں کے عہدوں پر نامزدگیاں کریں گے۔ ہر ضلع میں پارٹی کے کارکن بڑی تعداد میں اپنی رائے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کر رہے ہیں جو نیک شگون ہے۔ آصف زرداری علاج کے لئے ملک سے باہر ہیں ۔یہ ان کا اپنا ملک ہے اور وہ کسی بھی وقت ملک میں واپس آجائیں گے۔ اجتماع سے صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے بھی خطاب کیا جبکہ اجتماع میں رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، صوبائی وزیر سہیل انور سیال،رکن سندھ اسمبلی خورشید جونیجو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ 
تازہ ترین