لاہور(نمائندہ خصو صی) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پہلے وزیراعظم،پھر آصف زرداری ،عمران و دیگر کا احتساب ہو الطاف حسین دشمن کی گود میں بیٹھ کر میر جعفر اور میر صادق کا کردار اد کر ر ہا ہے ، الطاف حسین نے پاکستان کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دینے اور ہجرت کرنے والوں کوچیلنج کیاہے ، برطانیہ الطاف حسین کو پاکستان کے حوالے کرے ، پاکستان کے 20 کروڑ غیرت مند عوام اسے مردہ باد کے نعروں کا جواب دیں گے ۔ الطاف حسین آج کراچی کے لوگوں کے لیے نفرت کا نشان بن چکے ہیں ، ملتان کے کچہری چوک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں شریعت کا نفاذ اور قرآن کی حکمرانی ہو، اقتدار پر قابض کرپٹ حکمرانوں نے قیام پاکستان کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچنے دیئے ۔قومی خزانے کو لوٹ کر آف شور کمپنیاں اور لندن دبئی اور فرانس میں محل تعمیر کرنے والوں نے عوام کو تعلیم صحت اور روز گار کی سہولتوں سے محروم رکھا اور خود ان کے ٹیکسوں پر عیش و عشرت کرتے رہے ، جلسہ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، سابق امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر جمشید دستی اور امیر جماعت اسلامی ملتان آصف محمود اخوانی بھی موجود تھے ۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں تکمیل پاکستان کشمیر مارچ عام خاص باغ سے کچہری چوک پہنچا ۔مارچ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔