حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے سہانے مستقبل کا خواب دکھاکر مہاجر قوم کو دھوکا دیا، ایم کیو ایم کو یہ حق حاصل نہیں کہ مہاجروں کے نام پر حاصل مینڈیٹ کو استعمال کرے، متحدہ کے رہنماالطاف حسین کو غدار قرار دے کر لاتعلقی کا اعلان کریں۔پی ایس پی کے سینئر نائب صدر انیس ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر صغیر احمد نے حیدرآباد میں پی ایس پی کے دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر پاکستان مخالف بیانات دے رہے ہیں اور انہوں نے دشمن ملکوں سے پاکستان کے خلاف مدد مانگی، پہلے پاکستان مخالف بیان کی معافی مانگی لیکن اگلے ہی روز امریکہ میں ٹیلیفونک خطاب میں دوبارہ زہر اگلا گیا، الطاف حسین نے سہانے مستقبل کی بات کرکے مہاجر قوم کو دھوکا دیا۔ انیس ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے مہاجروں کے نام پر مینڈیٹ حاصل کیا، انہیں حق نہیں کہ وہ اس مینڈیٹ کو استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کے رہنماؤں کو کھل کر الطاف حسین کے خلاف سامنے آنا چاہئے اور الطاف حسین کو غدار کہہ کر لاتعلقی کا اعلان کریں۔ اس موقع پر ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے روز 12 مئی کی یاد تازہ کی گئی، فاروق ستار ڈی جی رینجرز سے کہہ کر آئے کہ وہ الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان کریں گے، وہ رینجرز کی تحویل میں جانے سے پہلے جاگنے کو تیار ہی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈرائی کلین کا طعنہ دینے والے فاروق ستار خود رینجرز کی تحویل سے ڈرائی کلین ہوکر نکلے۔