کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ تحریک قصاص ضرور کامیاب ہوگی، کراچی کی سرزمین گالی دینے والوں کو قبول نہیں کرے گی، لندن سے گالی اتفاقا جاری نہیں ہوئی بلکہ اسلام آباد سے ڈیمانڈ کی گئی تھی، حکمران ملک دشمنوں کے ایجنٹ ہیں، 3؍ ستمبر کو راولپنڈی میں اپنے فائنل ایونٹ کا اعلان کروں گا۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف اتوار کو کراچی میں مزار قائد سے تبت سینٹر تک نکالی گئی ریلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔ ریلی میں سیاسی،سماجی،مذہبی،انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر حکمرانوں کیخلاف احتجاج کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، حکمرانوں کے خلاف گھیرا تنگ ہورہا ہے۔ ریلی سے پی اے ٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، کراچی کی صدر سید علی اوسط، جنرل سیکرٹری رائو کامران ودیگر نے بھی خطاب کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ تحریک قصاص چاروں صوبوں کیلئے انصاف کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہ بدقسمتی سے دہشت گردی کا نام جمہوریت رکھ دیا گیا ہے، حقیقی جمہوریت وہ ہوتی ہے جس میں عوام کو انصاف ملے۔طاہرالقادری نے مسلم لیگ (ن) پر بلاواسطہ الزام لگایا کہ لندن سے گالی اتفاقا جاری نہیں ہوئی، اسلام آباد سے ڈیمانڈ کی گئی تھی، باقاعدہ ڈرافٹ جاری ہوا، پاکستان کو گالی دی گئی، وزیراعظم کے لب سلے ہوئے ہیں،کراچی کی سرزمین گالی دینے والے کو قبول نہیں کرے گی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئندہ آنے والا مہینہ سیاسی طور پر بھاری ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ میں یقین سے کہتا ہو ں کہ اگر تمام اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلائی تو جلد شریف برادران اقتدار سے رخصت ہوجائیںگے، عوام کو اب گھروں سے نکلنا ہوگا ،ہم نے احتجا ج کی بنیاد رکھ دی ہے جو احتجاجی تحریک نواز شریف کے رخصت ہونے تک جاری رہے گی۔ پی اے ٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر ضمیر نے کہا انصاف دینے والوں کی آنکھیں بند ہیں دو سال سے انصاف نہیں ملا، جنرل راحیل شریف ہماری طرف بھی توجہ کریں 14لاشیں انصاف کی منتظر ہیں۔ سید علی اوسط نے کہا کہ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک قصاص، احتساب اور استحصالی نظام سے نجات حاصل نہیں ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری رائو کامران نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا سانحہ ماڈل ٹائون کی ایف آئی آر میں نامزد تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ ریلی میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔