کراچی ( اسٹاف رپورٹر )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ ملک کی سلامتی کیلئے کام کیا ہے ،سنی تحریک کی قیادتوں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،اکابرین اہلسنت کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار رہاہے ،کراچی میں حالات خراب کرنے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،شیخ رشید نے ثروت اعجاز قادری کو ملک کی سطح پر بننے والے گرینڈ الائنس کیلئے ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت دی،اس موقع پر ثروت اعجاز قادری نے آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی کیلئے ہم نے ہمیشہ قربانیاں پیش کی ہیں اور مثبت کردار ادا کیا ،دونوں رہنمائوں کی کراچی سمیت ملک بھر میں پائی جانیوالی بے چینی پر تبادلہ خیال کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان میں بھارت جیسے دشمن اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ،یہ وقت ہے کہ ایسے عناصر چاہے وہ بلوچستان میں ہوں یا کراچی سمیت ملک کے کسی کونے میں بھی ہوںگھیرا تنگ کیا جائے ،نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری ایکشن کی ضرورت ہے ۔