پشاور(جنرل رپورٹر) سیکرٹری صحت عابدمجید نے چارسدہ کے علاقے رزڑ میں زیر تعمیر چلڈرن اینڈ میٹرنٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور عمارت کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ سیکرٹری صحت نے عمارت کی تعمیر بروقت ممکن بنانےپر متعلقہ حکام کی تعریف کی اور باقی ماندہ کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ نوتعمیر ہسپتال 200بستروں پر مشتمل ہے جن میں 100بستر پیڈیاٹرک اور 100بستر گائنی کے شعبوں کے لئے جبکہ عملے کیلئے کوارٹروں کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ منصوبے پر 1181ملین روپے لاگت آئی ہے۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات چارسدہ کے حکام نےبریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا کہ تعمیراتی کام کا 90فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے بقایا کام بھی ایک ماہ کے اندر مکمل کرلیاجائے گا۔ سیکرٹری نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ عمارت مکمل ہوتےہی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ کے پیڈیاٹرک اور گائنی کے شعبوں کے علاوہ ایڈمنسٹریشن کا شعبہ بھی نئی عمارت میں منتقل کیا جائے۔