برمنگھم (نیوز ڈیسک) قائد اعظم ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین راجہ اشتیاق نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہر دکھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن مادر وطن کے خلاف کوئی بھی بات اور سازش کسی صورت قبول نہیں، حکومت برطانیہ اپنے شہری الطاف حسین کو لندن میں بیٹھ کر پاکستان اور بالخصوص کراچی مییں انتشار پھیلانے سے روکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ 10 ڈائوننگ کے باہر برمنگھم سے جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرامن مظاہرے میں تمام سیاسی جماعتوں، کمیونٹی رہنمائوں، صحافیوں اور سیکڑوں کی تعداد میں تارکین وطن نے شرکت کی اور الطاف حسین کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ راجہ اشتیاق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں مسلمانوں کا خون شامل ہے، عزتوں اور عصمتوں کی لازوال قربانیوں کے بعد یہ ملک معرض وجود میں آیا تھا اور یہ ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے اور تا قیامت قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں انتشار پھیلانے، لوگوں کو تشدد پر اکسانے جیسے جرائم کے بارے میں سخت ترین قوانین موجود ہیں اور اس وقت برطانوی شہری الطاف حسین نے لندن میں بیٹھ کر ناصرف پاکستان کو گالی دی ہے بلکہ اسکی زہر آلود زبان پاکستان اور بالخصوص کراچی میں انتشار، خون خرابے، دہشت گردی اور بدامنی کو فروغ دے رہی ہے جو نا صرف پاکستانی، عالمی بلکہ برطانیہ کے قوانی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ برطانیہ کو دہرے معیارات ترک کرتے ہوئے اپنے اس شہری کو سنگین جرائم کے تحت مقدمہ قائم کر کے قرار واقعی سزا دینی چاہئے۔ راجہ اشتیاق خان نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی سلامتی، امن اور ترقی کے خواہاں ہیں۔ ہم نے جدید برطانیہ کی تعمیر میں لازوال کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے لیکن کوئی برطانوی شہری یہاں بیٹھ کر پاکستان کو گالیاں دے، شرانگیزی کے ذریعے ہمارے مادر وطن میں بدامنی، انتشار اور خون خرابے کا باعث بنے یہ نہ صرف کہ ناقابل برداشت ہے بلکہ کسی صورت قبول نہیں۔ پاکستان کے خلاف اٹھنے والی آوازوں اور کی جانے والی سازشوں کے خلاف برطانیہ میں مقیم لاکھوں تارکین وطن اپنی پرامن آواز بلند کرتے رہیں گے۔ چیئرمین قائد اعظم ٹرسٹ نے مزید کہا کہ میاں نوازشریف نے آئین اور پاکستان کے تحفظ کا حلف لے رکھا ہے انہیں اس لسانی تنظیم ایم کیو ایم پر سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر آئین اور قانون کے مطابق پابندی لگانی چاہئے، یہ ایسی تنظیم ہے جو سیاست کا لبادہ اوڑھ کر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ مظاہرے کے اختتام پر چیئرمین قائد اعظم ٹرسٹ راجہ اشتیاق خان نے بھرپور انداز میں شرکت کرنے پر شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔