• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین کے خلاف ریفرنس برطانیہ ارسال، تقریر کا متن، عوام کو تشدد پر اکسانےکے شواہد فراہم کردیئے، پاکستان

اسلام آباد، لندن (جنگ نیوز، این این آئی،آئی این پی) حکومت پاکستان نے پاکستان مخالف تقریر و دیگر بیانات پر الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت کو باقاعدہ ریفرنس بھیج دیا ہے جس کے ساتھ الطاف حسین کی تقریر اور عوام الناس کو تشدد اور بدامنی پر اکسانے کے شواہد بھی مہیا کئے گئے، پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس میں بتایا گیا کہ بانی متحدہ برطانوی و عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، برطانوی حکومت پاکستان میں بدامنی پھیلانے والے کیخلاف قانونی کارروائی کرے۔ دوسری جانب سکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی تقریر کا ترجمہ کر رہے ہیں تاہم پاکستانی ریفرنس کی تصدیق نہیں کرسکتے، لندن پولیس کے مطابق الطاف حسین کی تقریر کے ترجمے کا جائزہ لیا جائے گا کہ برطانوی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں۔ منگل کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے برطانوی حکومت کو الطاف حسین کے خلاف باقاعدہ ریفرنس بھیج دیا گیا ہے جس میں الطاف حسین کی تقریر اور عوام الناس کو تشدد اور بدامنی پر اکسانے کے شواہد بھی مہیا کر دیئے گئے۔ ترجمان کے مطابق الطاف حسین نہ صرف برطانوی بلکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں لہذا ان کے خلاف برطانوی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔ حکومت برطانیہ عوام الناس کو تشدد پر اکسانے اور پاکستان میں بد امنی پھیلانے والے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم پر پابندی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گذارمولوی اقبال حیدر نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف دہشت گردی ایکٹ اور پاکستان سیکورٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے پابندی لگائی جائے۔ سپیکر قومی اسمبلی ، چیئرمین سینیٹ اور سپیکر سندھ اسمبلی کو ہدایت کی جائے کہ ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجے۔ ایم کیو ایم کے تمام ارکان پارلیمنٹ الطاف حسین کے نام پر کامیاب ہوئے ہیں اس لئے نا اہل قرار دیا جائے۔ دوسری جانب کراچی میں ایم کیو ایم کے یونٹس اور سیکٹردفاتر کو گرانے کا سلسلہ جاری ہے، سولجربازارمیں ایم کیوایم کے دو یونٹ کو مسمار کردیا گیا ، جن یونٹ کو مسمار کیا گیا ان میں یونٹ نمبر پچاس اکیاون شامل ہیں۔ کراچی میں ایم کیوایم کے گرائے گئے دفاترکی تعداد 32 ہوگئی۔اس سے قبل بھی مختلف کاروائیوں کے دوران عزیز بھٹی ، ملیر اور فرئیر کے تین دفاتر کو مسمار کیا گیا تھا جبکہ ضلع کورنگی میں چھ ، ضلع ایسٹ چار ، ضلع ملیر سات ، اور ضلع ساوتھ میں پانچ دفاتر توڑے جاچکے ہیں تاہم شہر کے دو اضلاع غربی اور وسطی میں اب تک ایم کیو ایم کے کسی دفتر کو مسمار نہیں کیا گیا۔
تازہ ترین