اسلام آباد (نمائندہ جنگ،جنگ نیوز،آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے موثر اقدمات کررہے ہیں،بھارت جارحانہ ہتھکنڈوں سےکشمیر ی قوم کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا،پاکستان کشمیری عوام کے حق خودا رادیت کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے پیر کو یہاں گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد او رمقبوضہ کشمیر کی مجموعی صورتحال، تحریک آزادی کشمیراور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری نثار علی خان نے سردار مسعودخان کو آزاد کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود، ریاست کی تعمیر و ترقی اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں استعما ل کریں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کی نئی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کی ظلم وستم کی مذمت کی۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نےکہا کہ پاکستان کے عوام، حکومت اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر ہماری بے لوث حمایت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ہمیں یہ حمایت حاصل رہے گی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں گہر ی دلچسپی رکھتے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ بعد ازاں مسلم کانفرنس کے رہنما اور رکن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر سردار صغیر چغتائی نے بھی صدر آزاد کشمیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں صدر ریاست بننے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر آزا د کشمیر کی مجموعی سیاسی اور سماجی صورتحال اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔