لندن (جنگ یوز) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے لارڈ سپیکر لارڈ فولر سے برٹش ہائوس آف پارلیمنٹ میں ملاقات کی، لارڈ سپیکر نے گزشتہ روز چارج سنبھالا ہے اور یہ ان کی پہلی آفیشل مصروفیت تھی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستانی سینیٹ اور ہائوس آف لارڈز کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر پارلیمانی معلومات اور پروسیجرز کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی جمہوریت اور تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے لارڈ سپیکر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ چیئرمین نے ان کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروائی جن کے نتیجے میں ان گنت اموات اور معصوم شہری زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بھارتی افواج کی جانب سے شہریوں کے خلاف پیلٹ گولیوں کے استعمال کو بھی اجاگر کیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت سیکڑوں افراد شدید زخمی ہو گئے۔ کئی آنکھوں سے محروم اور معذور ہو گئے۔ چیئرمین نےبھی نشاندہی کی کہ برطانوی سرزمین کو پاکستان میں تشدد پر اکسانے کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔