پشاور(سٹی رپورٹر ) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کوہاٹ روڈ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 45 سے زائد غیر قانونی دکانوں و مارکیٹوں اور مکانات کی تعمیرات کو مسمار کردیا ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض خان محسودکی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرمیر خواص خان وزیر نے ٹی ایم او ٹائون فوروحید الرحمان، اے ٹی او آر ٹائون تھری عبدالصمد، اے ٹی او آر رضوان اللہ اور دیگر سٹاف کے ہمراہ بھاری مشینری کے ذریعے کوہاٹ روڈ پر ٹیکنیکل کالج کے قریب تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا‘ اس دوران کوہاٹ روڈ پر غیر قانونی دکانوں و مارکیٹوں اور مکانوں کی تعمیرات کو مسما ر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے 45سے زائد تعمیرات کو مسمار کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر میر خواص وزیر نے کہا کہ مذکورہ دکانداروں کو پہلے سے نوٹس دئیے گئے تھے مگر وہ ٹھس سے مس نہیں ہو رہے تھے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے نشانات بھی لگا دیئے گئے تھے جس کے بعد کاروائی عمل میں لائی گئی۔