مردان (نمائندہ جنگ) مردان بم دھماکے کی اطلاع پر جماعت اسلامی کے مرکزی امیرسراج الحق تنظیمی مصروفیات چھوڑ کر مردان پہنچ گئے،شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ ہسپتال میں بم دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی، سینیٹر سراج الحق جب مردان پہنچے تو سیدھے شہداء کے گھروں گئے ان سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی بعد ازاں سینیٹر سراج الحق مردان ڈسٹرکٹ کورٹ پہنچے جہاں پر انہوں نے ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء کیلئے فاتحہ خوانی کی اور جائے وقوعہ کا معائینہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مردان دھماکہ براہ راست اسلام آباد پر حملہ ہے دہشت گرودں نے عید کی آمد پر دھماکہ کرکے یہ پیغام دیا کہ ملک میں امن برائے نام ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کوئٹہ کے بعد مردان میں وکلا پر حملہ سے ثابت ہوگیا کہ دہشت گرودوں کا نیا ہدف کیاہے۔ وہ مظلوم عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے جانوں کی قربانی پیش کیں لیکن عوام کو ایک بڑے نقصان سے بچایا۔ سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے کچھ دیر تک حملے رک گئے تھے لیکن اب دہشت گرودوں نے دوبارہ سر اٹھایا ہے۔ مرکزی حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں وہ عوام کی بجائے اپنے سیکورٹی بڑھا رہے ہیں۔