• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین کوعبرتناک سزا ملنی چاہئے، پاکستان لاکرمقدمہ چلایاجائے، شہبازشریف

لاہور (خصوصی نمائندہ، مانیٹرنگ سیل )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نےکہا کہ الطاف حسین کوعبرتناک سزا ملنی چاہئے، پاکستان لاکرمقدمہ چلایاجائے۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم سینٹر  پبی ،کھاریاں میں پنجاب ریور ائن پولیس فورس اور نیشنل اینٹی گریٹڈ کائونٹر ٹیررازم فورس کی مشترکہ گریجویشن تقریب میں شرکت کی اور کورس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اور پاک افواج کے جوانوں میں میڈلز تقسیم کئے۔ شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرب عضب میں فوج نے عظیم قربانیاں دیں، قوم دہشتگردوں کو شکست دے گی ۔  پنجاب ریور ائن پولیس فورس دریائی علاقوں میں سماج دشمن و جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلئے بنائی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے 2015 میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پنجاب ریور رائن پولیس فورس کی تیاری کے حوالے سے درخواست کی تھی اورہمیں خوشی ہے کہ ہماری درخواست کو فوری منظور کیا گیا اور پنجاب ریو رائن فورس کو تربیت دینے کے پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ پاک افواج کے ماہر ٹرینرز نے پیشہ ورانہ انداز میں پنجاب ریور ائن پولیس فورس کو تربیت دی ہے اورآج نیشنل اینٹی گریٹڈ کائونٹر ٹیررازم فورس اور پنجاب ریور رائن پولیس فورس کے جذبے اور عزم کو دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب یہ قوم دہشت گردوں کو شکست فاش دے گی اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا۔ پاکستان وہ باوقار مقام ضرور حاصل کرے گا جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا۔ 20 کروڑ پاکستانیوں کے امن، عزت اور خوشحال زندگی بسرکرنے کا خواب بھی پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کیلئے فخر کا لمحہ ہے کہ ایک ایسی فورس تیار کی گئی ہے جو سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم صف آرا ہے۔ پاک افواج کے افسروں و جوانوں ، رینجرز، پولیس، سیاستدانوں، سول افسروں اور معاشرے کے ہر طبقے نے اس جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن اور ترقی کیلئے اس جنگ کو جیتنے کے سوا اور کوئی آپشن نہیں۔ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو شکست دینے کیلئے جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے اورآپریشن ضرب عضب کے ذریعے دشمن پر کاری ضرب لگائی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھی پاکستان کی بہادر افواج کی عظیم قربانیوں کی معترف ہے اور اغیار بھی آج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے جو کامیابیاں اور کامرانیاں ملی ہیں اس کے اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب شروع کرتے وقت بھی سیاسی و عسکری قیادت یکسو تھی اور پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بھی پوری طرح یکسو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیاب آپریشن کے ذریعے شاندار کامیابیاں ملیں اور وطن کے بہادر سپوتوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔وطن عزیز کے جری سپوتوں نے وہ قرض بھی چکایاہے جو واجب بھی نہ تھا اور عصر حاضر کی تاریخ میں ایسی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے سول و عسکری اداروں کی شاندار تربیت کے انتظامات پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف، لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی، لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ اور ٹرینرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تربیت مکمل کرنیوالے جوان وہ بھرپور کردار ادا کریں گے جس کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے تربیتی مشقوں کا بھی معائنہ کیا اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ کور کمانڈر ون کور منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے وزیراعلیٰ کو سوینئر بھی پیش کیا۔ کورکمانڈر ون کور منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی، انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیشن لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ، انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا، سیکرٹری داخلہ پنجاب اعظم سلمان، اعلیٰ عسکری و سول حکام، تربیت مکمل کرنے والے فوجی افسر و جوان اور پولیس جوان بھی اس موقع پرموجود تھے۔شہبازشریف نے پنجاب ریور ر ائن پولیس فورس اور نیشنل اینٹی گریٹڈ کائونٹر ٹیررازم کورس کی مشترکہ گریجوایشن تقریب سے قبل نیشنل کاؤنٹرٹیررازم سینٹر ،پبی،کھاریاںکے مختلف حصے دیکھے۔وزیراعلیٰ کوپنجاب ریور ر ائن پولیس فورس اور نیشنل اینٹی گریٹڈ کائونٹر ٹیررازم کورس کی تربیت کے اہم خدوخال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے عسکری وسول اداروں کی پیشہ ورانہ انداز میں جدید تربیت کے معیار کی تعریف کی اورسینٹر میں تربیتی سہولتوںکو بہت سراہا۔وزیراعلیٰ نے جوانوں کی عملی تربیت کا مظاہرہ بھی دیکھااورانسداددہشت گردی کے لئے جوانوں کی ٹریننگ کوبہترین قرار دیتے ہوئے پاک افواج کے افسروں اور ٹرینرز کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے پاک افواج کے افسروں و جوانوں اورپنجاب پولیس کے جوانوں سے خطاب بھی کیا اوراپنے خطاب کے آخر میں وزیراعلیٰ نے یہ اشعار پڑھے۔خوشبوئوں کا اک نگر آباد ہونا چاہیئےاس نظام زر کو اب برباد ہونا چاہیئےان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچ سکتے ہیں ہم جگنوئوں کو راستہ تو یاد ہونا چاہئیےخواہشوں کو خوبصورت شکل دینے کے لئےخواہشوں کی قید سے آزاد ہونا چاہیئےظلم بچے جن رہا ہے کوچہ و بازار میں عدل کو بھی صاحب اولاد ہونا چاہیئے تقریب کے اختتام پرسب نے ملکر’’ پاکستان زندہ باد ،پاک افواج زندہ باد‘‘ کے نعرے لگا۔  شہبازشریف سے ن لیگ کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی ۔شہبازشریف نے پشاور کے علاقے کرسچن کالونی ورسک روڈ پر دہشتگردی کا حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسزاورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ مردان دھماکے کی مذمت کی ۔ دوسری طرف نجی ٹی وی سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ ملک مخالف بیانات پر الطاف حسین کے خلاف آئین کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف زہر اگلنے پر الطاف حسین کو ایسی سخت ترین اور عبرتناک سزا ملنی چاہیے جسے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔شہبازشریف نے کہا کہ ملک کے خلاف زہر اگلنے والے کا چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے، الطاف حسین کو پاکستان لاکر ان پر مقدمہ کھلی عدالت میں چلنا چاہیے۔ انہوں نے ایم کیوایم پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم ایک جماعت ہے جس میں جو اچھے پاکستانی شامل ہیں تو انہیں تنگ نہیں کرنا چاہیے۔ ایک سوال پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پاناما لیکس کو فٹبال بنانا چاہتی ہے جب کہ عمران خان کو زمین پر قبضے کرنے والوں نے گھیر رکھا ہے۔
تازہ ترین