مردان‘پشاور(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ضلع کچہری کے گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میںتین پولیس اہلکاروں اور 4وکلاء سمیت14افراد شہیداور52زخمی ہوگئے ‘پولیس اہلکار نے جان پر کھیل کر بڑے نقصان سے بچالیا‘ زخمیوں میں ایک ڈی ایس پی سمیت 3پولیس اہلکار اور 3 وکلاء بھی شامل ‘کئی کی حالت تشویشناک ہے‘ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی‘ خودکش حملہ آور کا سر، پائوں اور ایک ہاتھ مل گیا ہے‘ پولیس کے مطابق بمبارکا ہدف بار روم تھا‘ دھماکے میں 8کلوبارودی مواداستعمال کیاگیا‘ بمبارکے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھجوائے دیئے گئے ہیں جبکہ دھماکے کا مقد مہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا‘ واقعے کی ذمہ داری جماعت الاحرار نے قبول کی ہے، صدر‘وزیراعظم‘ چوہدری نثار‘عمران خان‘ سراج الحق ، زر دا ر ی ، بلاول بھٹو‘پر ویز خٹک اور دیگر سیاسی رہنمائوں نے مردان دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے‘ وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا اور آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے ‘ شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ مردان پولیس لائنز میں ادا کردی گئی ،نمازجنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،وزیراعلی پرویزخٹک اورآئی جی ناصر خان درانی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی‘ دریں اثناء آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا پرویز خٹک‘چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس مظہرعالم میاں خلیل اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن کے ہمراہ مردان میڈیکل کمپلیکس میں زخمیوں کی عیادت کی ‘جنرل راحیل شریف مختلف وارڈز میں گئے اور زخمیوں سے بات چیت کی‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی مردان کا دورہ کیا اور اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی خیریت دریا فت کی۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کچہری مردان کے مین گیٹ پرمعمول کی چیکنگ جاری تھی ‘اس دوران خودکش حملہ آور نے ڈیوٹی پرمامورپولیس اہلکاروں پردستی بم پھینکا جس سے پولیس اہلکار زخمی ہوگئے اور افراتفری پھیل گئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خودکش حملہ آورگیٹ کے اندر وکلاء کے چیمبر کی طرف بڑھنے لگا‘ پولیس نے خودکش کو پہچان کر اس پر اندھادھند فائرنگ کردی تاہم زخمی خودکش نے ڈسٹر کٹ کورٹس کے برآمدے ہی میں خود کو اڑا دیا‘ دھماکے میں چار وکلاءشہیدہوئےہیںجن میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری اورجماعت اسلامی کے رہنماسیدیوسف شاہ باچہ ایڈووکیٹ ،اے این پی کے ضلعی رہنماسیداکبرخان مہمندایڈوکیٹ، مردان کے معروف قا نو ن دان عبداللہ ثانی ایڈوکیٹ کے صاحبزادے الیاس ثانی ایڈوکیٹ جبکہ پولیس اہلکارجنیدخان،اشتیاق اوراعظم خان شامل ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماسابق میونسپل کمیٹی چیئرمینمین حاجی ارشدخان کوانتہائی تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیاگیا ہے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے‘ ڈی پی او مردان فیصل شہزاد کے مطابق خودکش حملہ آور نے پہلے دستی بم سے حملہ کیا اور پھر ضلع کچہری گیٹ پر خود کو اڑالیا‘دھماکے میں 8کلوبارودی مواداستعمال کیاگیا‘ ڈی آئی جی مردان کے مطابق پولیس نے خودکش حملہ آور کو کچہری گیٹ پر روکنے کی کوشش کی تو اس نے پولیس پر دستی بم پھینکا اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے فائرنگ کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو اپنے ہدف بار کونسل روم تک نہیں پہنچنے دیا اور کچہری کے احاطے کے اندر ہی ہلاک کر دیا‘ دھماکوں کے بعدپولیس کی بھاری نفری کے ساتھ پاک فوج بھی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا دھماکوں کے بعد وکلاء ،ججز صاحبان اور پیشی پر آنے والے درجنوں افراد کچہری کے اندر ہی محصورہوگئے جنہیں بعدازاں محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا‘ دوسری جانب مردان خودکش دھماکے کی ذمہ داری جماعت الاحرار نے قبول کی ہے‘ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں‘واقعہکے بعد ضلع کچہری جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے‘ سیکورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا‘ دھماکوں کے وقت ضلع کچہری کے عین سامنے واقع تھانہ سٹی میں ڈی آرسی میٹنگ جاری تھی جس میں رکن اسمبلی زاہد درانی ،ایس پی آپریشن شفیع اللہ گنڈاپور اورڈی آرسی کے رجسٹرار احسان اللہ باچاسمیت درجنوں شہری موجودتھے ‘ادھروزیراعظم نواز شریف نے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتے‘اپنے بیان میں وزیراعظم نے جانی و مالی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے‘ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں‘پسپا ہوتے دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ہم دہشت گردوں کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں دیں گے اور ان کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا۔ برطانوی خبررساں ایجنسی کو بھیجے گئے بیان میں کالعدم تنظیم جماعت الاحرار نے مردان دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے ‘بیان میں تنظیم کے ترجمان احسان اللہ احسان نے مزیدکارروائیوں کی دھمکی بھی دی ہے۔