مردان،پشاور،تخت بھائی،تیمرگرہ، سوات، بنوں، لکی مروت،ڈیرہ (نمائندگان جنگ+ نیوز رپورٹر) مردان کچہری میںہونے والے خودکش دھماکے کے دوسرے روز شہر کی فضا سوگوار رہی ، شہداء کی ایصال ثواب کے لئے جگہ جگہ قرآن خوانی کی گئی، بیشتر زخمی ہسپتالوں سے فارغ کر دیئے گئے ،مرکزی تنظیم تاجران کی اپیل پر شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی اورسوگ میں بازار وتجارتیں مراکز بند رہے۔وکلاء اورپولیس سے اظہار یکجہتی کے لئےصوبہ بھر میں وکلاء کا عدالتوں سے احتجاجا بائیکاٹ کیا گیا۔گذشتہ روز ضلع کچہری پر ہونے والے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر کو ہسپتالوں کو فارغ کردیاگیا ڈی ایچ کیو میں 36زخمیوں میں27زخمیوں کو ڈسچارج کردیا گیا اس طرح مردان میڈیکل کیمپلکس میں 18میں 11 زخمی فارغ کردیئے گئے ضلع کچہری میں مختلف سیاسی ، سماجی اور وکلاء برادری نے ڈسٹرکٹ بار آکر وکلا سے اظہار ہمدری کیا اور شہدائے کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران کے صدر احسان باچہ جنرل سیکرٹری پرویز بابو اوردیگر نے کہاکہ دہشت گردہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے اورہماری بہادر پولیس اورپاک فوج کے جوان وطن کی حفاظت کے لئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اورعام لوگ ان کے شانہ بشانہ ہیں قبل ازیں شہر کے مختلف بازار اور تجارتی مراکز بندرہیں اور وہاں ہو کا عالم رہا۔ مرکزی تنظیم تاجران ( سلطان گروپ ) نے خودکش دھماکے کے شہداء کے لئے جگہ جگہ قرآن خوانی کی۔سانحہ مردان کے خلاف پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، خیبر پختونخوا بار کونسل کی جانب سے پیر کے روز بھی عدالتوں سے مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا حملہ میں شہید ہونے والے وکلاء و دیگر افراد کے ایصال و ثواب کیلئے ہفتہ کے روز پشاور ہائی کورٹ میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ سپریم کورٹ بار کی اپیل پر صوبے کے دیگر حصوں کی طرح تخت بھائی بار کے وکلاء نے بھی مکمل ہڑتال کی اور تمام عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا ۔ وکلاء نے بار کے صدر قمر زمان خان ایڈو کیٹ کی قیادت میں بازو ئو ں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شدید احتجاج کیا ۔ڈسٹرکٹ بار تیمرگرہ کے وکلاء نے ہفتہ کوعدالتوں سے بائیکاٹ کیا پیر کوبھی عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا ۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ بار تیمرگرہ میں ایک تعزیتی ریفرنس زیر صدارت صدر ڈسٹرکٹ بار تیمرگرہ سلیم خان ایڈووکیٹ منعقد ہوا ۔سوات میں وکلا ء نے مردان کی ضلعی کچہری میں دھماکے کے خلاف عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کیا اور شہدائے مردان کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی ،پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بینچ (دارالقضاء ) ،ڈسٹرکٹ بار اور تحصیل خوازہ خیلہ،کبل ،مٹہ اور بحرین کی بار ایسوسی ایشنز نے ہفتے کے روز عدالتوں میں کسی بھی مقدمے کی پیروی نہیں کی جس پر عدالتوں میں صرف تاریخ پیشی تبدیل کی گئی ۔بنوں کے وکلاء اور مختلف سیاسی جماعتوں نے مردان دھماکے کے خلاف مذمتی قرار دادیں پیش کرتے ہوئے پبلک مقامات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔لکی مروت کے وکلاء نے بھی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور وہ مقدمات کی پیروی کے لئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ہفتے کے روز جوڈیشل کمپلیکس میں سیکورٹی معمول سے سخت تھی مقامی وکلاء مردان خود کش دھماکے پر افسردہ تھے اور وہ وکلاء سمیت عام شہریوں کی شہادت پر غم سے نڈھال تھے ۔ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کی جانب سے سانحہ مردان کے خلاف ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ ،شہداءکے لئے دعا اور زخمیوں کی جلدشفایابی کے لئے دعائیں کی گئیں ۔