کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیم کے سابق اور کے الیکٹرک کے موجودہ کپتان عیسی خان نے کہا ہے کہ آپس کی لڑائی کی وجہ سے پاکستان کا فٹ بال تباہ ہورہا ہے۔ فٹ بال کو بچانے کیلئے ہزاروں قومی اور انٹرنیشنل کھلاڑی کراچی پریس کلب سے پلیز پلے فٹ بال فار پاکستان کے نام سے موومنٹ شروع کررہے ہیں۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے عیسی خان کا کہنا تھاکہ گزشتہ دو سال سے آپس کی چپقلش کی وجہ سے پاکستان کا فٹ بال آج تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ کئی ڈپارٹمنٹس پہلے بند ہوگئے تھے اور اب جو بچے کچھے ڈپارٹمنٹس ہیں وہ فٹ بال نہ ہونے پر اپنے ٹیمیں بند کرنے پر غور کررہے ہیں۔ دو سالوں میں پچیس ہزار سے زائد ملکی فٹ بالر متاثر ہوئے ہیں اور ان کے روزگار کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ پاکستانی فٹ بال کو بچانے کیلئے سابق اور موجودہ ٹاپ اسٹارز بھی جلسے جلسوں نکالیں گے۔ اپنی کمپین کا آغاز کراچی پریس کلب جمعہ 9 ستمبر سے کریں گے۔ لیاری آٹھ چوک سے ریلی نکالیں گے اور کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں گے پھر اس کے بعد کوئٹہ، لاہور اسلام آباد اور ملک کے بڑے بڑے شہروں میں فٹ بال کو بچانے کیلئے جلسے جلوس نکالے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہم پلیئرز ایسو سی ایشن کے قیام پر بھی غور کررہے ہیں۔