میرپور( نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے رہنماء و معروف قانون دان سعادت علی کیانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عمران خان ، ڈاکٹر طاہر القادری اور شیخ رشید ملک کے اندر منفی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں یہ تینوں صاحبان اپنے گھنائونے مقاصد میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونگے قائد مسلم لیگ ن میاں محمدنواز شریف پانچ سال مکمل کرینگے اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنا کر دم لیں گے عمران خان ، طاہر القادری اور شیخ رشید حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے غیر جمہوری طریقوں پر عمل پیرا ہیں کرپشن سمیت دیگر تمام مسائل کو اسمبلی فلور پر حل کیاجانا چاہیے سڑکوں اور شہروں کو بند کر کے عوام کیلئے مشکلات کھڑی کرنا عمران خان ، طاہر القادری اور شیخ رشید کو زیب نہیں دیتا ان کی احتجاجی سیاست کے باعث جہاں ملک کو شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑا وہیں ان کی غیر سیاسی حرکات کے باعث لوگوں کیلئے بھی شدید مشکلات کھڑی ہوئی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی ریلی مکمل طورپر ناکام رہی عوام نے ان کی احتجاجی سیاست کو مسترد کر کے ایک مرتبہ پھر میاں محمد نواز شریف کا ساتھ دیا ہے جھوٹی اور منفی سیاست کر کے عوامی مسائل کو کسی بھی صورت حل نہیں کیاجا سکتا ۔ انہوںنے کہا کہ میاں محمد نواز شریف عوامی لیڈر اور عوام کے خیر خواہ ہیں انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کیا اور بہت جلد پاکستان ایک کامیاب ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے قدم پر نظر آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی تحریکیں مکمل طورپر ناکام ہوں گی ان تحریکوں سے ان کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا انشاء اللہ مسلم لیگ ن اپنے پانچ سال پورے کر کے رہے گی ۔