سکھر +خیرپور (بیورورپورٹ) سانحہ مردان کیخلاف پاکستان بار کونسل کے تین روز کے سوگ کے اعلان پر مختلف شہروں میں وکلا نے مختلف شہروں میں مظاہرے کئے اور عدالتی کاموں کا بائیکاٹ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور:مردان واقعہ پر پاکستان بار کونسل کے تین روز کے سوگ کے اعلان پر خیرپو رمیں وکلاء ہڑتال کر کے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور کورٹ کمپلیکس میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔وکلاء کی ہڑتال اور عدالتوں کے بائیکاٹ کے باعث مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی گئیں جبکہ عدالتوں کا کام متاثر ہوا۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران وکلاء رہنماؤں نثار احمد بھنبھرو ایڈووکیٹ،یاسر عرفات شر،رئیس الطاف حسین مری ایڈووکیٹ ،اعجاز چانڈیو ایڈووکیٹ ،ارشاد سولنگی ایڈووکیٹ ،اختیار احمد بھنبھرو ایڈووکیٹ،شاہد حسین گوپانگ،سید امتیاز شاہ ،نعمان پھلپوٹو ایڈووکیٹ ،عبدالوحید بھنبھرو ایڈووکیٹ، صابر حسین بھنبھرو ایڈوکیٹ اور دیگر نے کہاکہ دہشت گر د وکلاء کو نشانہ بنا رہے ہیں کوئٹہ واقعہ کے بعد مردان میں دہشت گر د ی کا واقعہ بڑا تشویشناک ہے انہوں نے کہاکہ دہشت گرد اس طرح کے واقعات کر کے عدالتی نظام کو کمزور کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ ججز اور وکلاء کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ سکھر۔سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کی جانب سے سانحہ مردان کے خلاف ہائی کورٹ بار کے سامنے وکلاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرے کی قیادت ہادی بخش بھٹ، قربان ملانو سمیت دیگر رہنما کررہے تھے۔ مظاہرین دہشتگردی نامنظور ، دہشتگردوں کے خلا ف آپریشن تیز کرو ، عدالتوں اور وکلاء کو تحفظ فراہم کرو، کے نعرے بلند کررہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وکلاء کو دہشتگردوں کی جانب سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وکلاء برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے، وکلاء برادری سمیت عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔