کراچی(اسٹاف رپورٹر) سانحہ مردان کے خلافسندھ بار کونسل کی اپیل پر پیر کو بھی کراچی بار، ملیر بار سمیت عدالتوں میں بائیکاٹ کیا گیا، وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، قیدیوں کو جیلوں سے عدالتوں میں پیشی کے لیے نہیں لایا گیا، ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہوئی اورسائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم عدالتی اسٹاف نے حسب معمول اپنے فرائض منصبی انجام دیے، وکلا رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ اور مردان میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کڑی سزا دیجائے،وکلا کی ہڑتال کے باعث سندھ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں عدالتی امور معطل رہے، وکلا کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں وکلا کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے جس پر چپ نہیں رہ سکتے،وکلا رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں عدالتوں اور کچہریوں پر حملوں سے وکلا برادری احساس عدم تحفظ کا شکار ہے، حکومت فوری طور پر عدالتوں اور بار کونسلز کی سیکورٹی فول پروف بنانے کے لیے اقدامات کرے، یاد رہے کہ ہفتہ کو بھی سانحہ مردان کچہری کے حوالے سے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا تھا۔