کراچی (ٹی وی رپورٹ) پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا کردار متنازع ہوگیا۔ وزیراعظم کے خلاف ریفرنس پرکارروائی ہو تو نوازشریف 100بار نااہل ہوسکتے ہیںلیکن وزیراعظم کیخلاف ریفرنس روکنا اورجہانگیرترین اور عمران خان کے خلاف بھجوانا سراسرجانبداری ہے۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے اعتزاز احسن نے کہاکہ حکومت کا پارلیمنٹ میں رویہ افسوسناک ہے، اسی لئے ٹوکن نہیں بلکہ سینیٹ سے مکمل واک آؤٹ کیا،وزراء کی عدم دلچسپی کا کل بھی جائزہ لیں گے اور متفقہ لائحہ عمل بنائیں گے۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ اسپیکرقومی اسمبلی نے اپوزیشن کے ریفرنس مسترد اور عمران خان کے خلاف ریفرنس بھجوا کرجانبداری ثابت کردی۔ ان کا کہناہے کہ وزیراعظم کے خلاف تو ان کے اپنے وزیرخزانہ کا بیان ریکارڈ پر موجود ہے، وزیراعظم کے خلاف الزامات کاانہوں نے خود جائزہ لیا، ہردس الزامات پر مبنی دستاویز پر وزیراعظم کی نااہلی بنتی ہے۔اعتزاز احسن نے کہاکہ حکمران جو بھی کرلیں ان کی پکڑ نہیں، اسپیکر کے فیصلے نے یہ بات ثابت کردی ہے۔