اسلام آباد (جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 8 ستمبر 2016 کو سانحہ کوئٹہ اور سانحہ مردان کی یاد میں ملک گیر دعائیہ تقریبات اور پانچ منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کی تمام بار ایسوسی ایشنز بشمول سپریم کورٹ پاکستان بار کونسل‘ سندھ بار کونسل‘ پنجاب بار کونسل‘ بلوچستان بار کونسل‘ خیبر پختونخوا بار کونسل اور لاہور ہائی کورٹ بار‘ کراچی‘ ملتان‘ ایبٹ آباد‘ پشاور‘ بہاولپور‘ حیدرآباد‘ کوئٹہ اور سکھر آباد ایسوسی ایشنز کے تمام وکلا 5 منٹ کیلئے خاموشی اختیار کریں گے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر سید علی ظفر نے کانسٹیبل جنید خاں کو قومی ہیرو کا درجہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے درخواست کی ہے کہ ان کے ورثاء کو معاوضہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مردان کی کسی مشہور سڑک کو ان کے نام کے ساتھ منسوب کیا جائے‘ تاکہ ان کی قربانی کو یاد رکھا جاسکے۔