راولپنڈی(نمائندہ جنگ)پنجاب حکومت نے غیر ملکی فنڈنگ، مشکوک سرگرمیوں اور غیر فعال راولپنڈی کی267این جی اوز سمیت پنجاب بھر میں تین ہزار چار سو27این جی اوز رجسٹریشن منسوخ کردی ہے جبکہ راولپنڈی میں مزید70کے قریب رجسٹرڈ این جی اوز کے معاملات کا جائزہ لیا جارہا ہے جو غیر فعال ہیں۔ اس وقت راولپنڈی میں رجسٹرڈ این جی اوز کی تعداد368کے لگ بھگ ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق غیر سرکاری تنظیموں کی جانچ پڑتال کا عمل جار ی ہے اور ضلع راولپنڈی میں بھی تمام این جی اوز کے کوائف اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو این جی اوز عوامی فلاح کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہیں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جاتی ہے لیکن جو کالی بھیڑیں اس شعبے میں اچھے لوگوں کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ادھر پنجاب حکومت نے مقامی و انٹرنیشنل این جی اوز اور کمپنیوں کو عوامی آراء پر مبنی سروے اور مہم کیلئے اجازت نامہ ہوم ڈ یپا ر ٹمنٹ پنجاب کی منظوری سے مشروط کردیا ہے۔ صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈی سی اوز کو بھجوائے گے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ این جی اوز اور مختلف فرموں کی طرف سے عوامی سروے یا عوامی آراء پر مبنی مہم کیلئے جو اجازت نامے جاری کئے جارہے ہیں ان میں این جی اوز اور فرموں کی طرف سے دئیے جانے والے سوالنامے یا پیغام کی اسکروٹنی نہیں کی جارہی ہے۔