لاہور(خبرنگارخصوصی)ملک بھر کے وکلاء سانحہ کوئٹہ اور مردان کے خلاف 8ستمبر کو یوم سیاہ منائیں گےاور ان سانحات میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں11بجکر 15منٹ پر 5منٹ کے لیئے خاموشی اختیار کی جائے گی ۔ سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر بیرسٹر علی ظفر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ بار سمیت ملک بھر کے ہرصوبہ،ضلع اورتحصیل میں قائم بار ایسو سی ایشنیں اور ہروکیل اس یوم سیاہ اور جاں بحق ہونے والوں کیلئے پانچ منٹ کی خاموشی اور دعائے مغفرت کا حصہ ہو گا۔سپریم کورٹ بار نے قرار دیا کہ مردان میں خود کش حملہ آور سے مقابلہ کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والا پولیس کانسٹیبل قومی ھیرو ہے،کے پی کے حکومت اس پولیس کانسٹیبل کے نام پر کوئی شاہراہ مختص کرے اور اس کے پسماندگان کو معاوضہ دے ۔ سپریم کورٹ پاکستان بار کونسل، سندھ بار کونسل، پنجاب بار کونسل، بلوچستان بار کونسل، خیبر پختون خواہ بار کونسل اور لاہور ہائی کورٹ بار کراچی ملتان ایبٹ آباد پشاور، بہاولپور حیدرآباد کوئٹہ اور سکھر آباد ایسوسی ایشنز کے تمام وکلا 5 منٹ کیلئے خاموشی اختیار کریں گے ۔یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ اس طرح کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہے۔ بیرسٹر سید علی ظفر نے ملک کی تمام صحافی برادری کو ان تقریبات میں شمولیت کی درخواست کی ہے۔ مردان کچہری میں دہشت گردی واقعہ کے خلاف وکلاء کی جانب سےعدالتوں کا جزوی بائیکاٹ جاری ہے منگل کے روز بھی وکلاءفوری نوعیت کے مقدمات میں بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھے عدالتوں میں پیش ہوئےمردان کچہری میں دہشت گردی واقعہ کے خلاف وکلا ء کی جانب سے عدالتوں کا جزوی بائیکاٹ کیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ ،سیشن ،سول اور خصوسی عدالتوں میں وکلاءاہم نوعیت کے مقدمات میں بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پیش ہو رہے ہیں۔ دہشت گردی واقعہ کے خلاف وکلاء ہفتہ سوگ منا رہے ہیں۔سوگ کی وجہ سے وکلاء کی جانب سے بار رومز کی چھتوں پر سیاہ پرچم بھی لہرائے گئے۔