کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی مخالفت میں بدھ کو کراچی کے کئی علاقوں میں بینرز لگ گئے، جن پر ’’جو ملک کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے‘‘ کے نعرے درج تھے،تاہم ان پر کسی کا نام درج نہیں ہے، اس سے قبل نامعلوم افراد کی جانب سےریڈ زون میں الطاف حسین کی حمایت میں بینرز لگائے گئےتھے تاہم اب اس طرح کے دیگر بینرز شہر کے مختلف علاقوں میں بھی لگنا شروع ہوگئے ہیں، شہر میں جاری آپریشن اور مرکزی شاہراہوں پر سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے گشت کے باوجود مختلف مقامات پر بینرز کا آویزاں ہونے پر شہری حلقوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے کے باوجود بینرز لگانے والے ان آ نکھوں سے اوجھل کیوں ہیں، بدھ کو کراچی کے مختلف علاقوں شارع فیصل، ناگن چورنگی، سخی حسن، ناظم آباد سمیت مختلف مقامات پر’’جو ملک کاغدار ہے، وہ موت کا حقدار ہے‘‘ کے بینرز آویزاں کردیئے گئے، بعض بینرز پر اہالیان پاکستان کا جملہ درج ہے، دوروز قبل ریڈ زون میں سندھ ہائیکورٹ کے باہر ایم کیو ایم بانی کے حق میں اور ایم کیو ایم پاکستان کیخلاف بینرز لگائے گئے تھے، بینرز میں نعرے درج تھے، جو قائد تحریک کا غدار ہے، وہ موت کا حقدار ہے‘‘ جبکہ بدلہ گروپ کیجانب سے لگائے گئے بینرز میں فاروق ستار گروپ نامنظور کے نعرے درج تھے، اس قسم کے بینرز بدھ کو کئی علاقوں میں دکھائی دیئے، بعض علاقوں میں مخالف گروپ کے پوسٹر اور بینرز پھاڑنے اور تصاویر اتارنے کی شکایات بھی سامنے آ ئی ہیں،دریں اثناءایم کیوایم پاکستان کے سر براہ رہنمافاروق ستارنے کہا ہے کہ کراچی میں نامعلوم افراد بینرز لگا رہے ہیں،ان کا پتہ لگا کر سدباب کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ بینرز لگانے اور پھاڑنے والے دونوں نامعلوم ہیں یہ معمہ حل نہ ہونے تک کراچی کے مسائل حل کرنے میں مشکل ہو گی جو لوگ بینرز لگا اور اتار رہے ہیں، اللہ انہیں ہدایت دے۔