لاہور (ایجنسیاں)پشاور کے ایک اسکول میں خود کش حملے کو ناکام بنانے والے طالب علم اعتزاز حسن کی زندگی پر بننے والی فلم سیلوٹ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔شہزاد رفیق کی فلم سیلوٹ نوعمر طالبعلم اعتزاز حسن کی زندگی اور بہادرانہ اقدام پر مبنی ہے جس میں اس نے 5 جنوری 2014 کو اپنی زندگی خود کش بمبار کو اسکول میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے قربان کردی اور اس طرح ہنگو کے ابراہیم زئی نامی گائوںکے 400 طالبعلموں کی زندگیاں بچالیں۔3 منٹ 10 سیکنڈ دورانیہ کے اس ٹریلر میں اعتزاز حسن کی والدہ کا کہنا ہے کہ ʼاعتزاز آرمی میں جانا چاہتا ہےʼ اور یقینا بڑے ہوکر اعتزاز اپنے ملک کی حفاظت ہی کرنا چاہتا تھا۔اس ٹریلر میں دہشت گردوں کو بھی پیش کیا گیا جو خود کش بمباروں کو اسکولوں میں دھماکے کرنے کی ٹریننگ دے رہے ہیں۔فلم سیلوٹ میں پاکستانی اداکارہ صائمہ نور، عجب گل، نیئر اعجاز اور علی مہتشم مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔واضح رہے کہ 2014میں ہنگو کے ایک اسکول میں یونیفارم میں ملبوس خود کش حملہ آور کو اعتزاز حسن نے روکنے کی کوشش کی تھی، جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں اعتزاز بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا تھا۔اعتزاز کے والد مجاہد علی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ʼمیں اپنے عزیز ترین بیٹے کو گنوا چکا ہوں لیکن اس نے جو کیا مجھے اس پر کوئی افسوس نہیں۔ اس نے دلیرانہ کام کیا اور میں اس کی بہادری پر خوش ہوں۔ہنگو کے اس ہیرو کی زندگی پر بننے والی فلم کی ریلیز تاریخ اب تک سامنے نہیں آئی۔