سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) عیدالاضحی ٰکے حوالے سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کے لئے قائم مویشی منڈی مندے کا شکار ہے۔ ضلع سیالکوٹ میں قربانی کے جانور کثیر تعداد میں مختلف علاقوں سے ایمن آبار روڈ پر قائم مویشی منڈی میں لائے گئے ہیں جن میں گائے، بھینسوں، بھیڑوں، بکروں سمیت ہر قسم کے چھوٹے بڑے مویشی شامل ہیں جو شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں تاہم عیدالاضحی میں تین روز باقی رہ جانے کے باوجود تاحال انکی تعداد میں قابل ذکر کمی نہیں ہوسکی جسکی بڑی وجہ مویشیوں کے آسمان سے باتیں کرتے ہوئے دام اور شہریوں کی قوت خرید میں کمی ہیں۔ منڈی میں مویشیوں کو محض دیکھنے والوں کاہجوم تو موجود ہی رہتا ہے مگر ان میں خریدار نہ ہونے کے برابر ہے ہیں جسکی وجہ سے بیوپاری شدید مالی مشکلات کے ساتھ ساتھ ذہنی اور جسمانی کوفت میں مبتلا ہیں ۔