ملتان (سٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ایک صحت مند دماغ کیلئے ایک صحت مند جسم کا ہونا نہایت ضروری ہے جو صرف ورزش سے حاصل ہوسکتا ہے۔ پوری دنیا میں ورزش اور فزیکل تھراپی کی حیثیت مسلمہ ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں اس پر خاص توجہ نہیں دیجاتی جبکہ ایک صحت مند قوم ہی پاکستان کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر لاسکتی ہے۔ لہٰذا ورزش اور فزیکل تھراپی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے آگاہی سیمینارز کا ہونا ناگزیر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فزیکل تھراپی کے عالمی دن کے موقع پر فزیو تھراپی کے شعبہ سے وابستہ ڈاکٹروں کی تنظیم کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ دیگر مہمانوں میں امیر اللہ شیخ، پروفیسر ڈاکٹر حیات احمد اعوان ، ڈاکٹر فراز بلال، ڈاکٹر معاوز فاروق نذیر شامل تھے جبکہ شعبہ طب سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔