• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ پولیس میں ہاکی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،آئی جی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ کراچی میں تمام ہاکی گراونڈز کو کھیل کے قابل بنانے کیلئے سندھ پولیس کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سے بھرپور تعاون کرے گی، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اسکے فروغ کیلئے ہم ہر ادارے سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں، انھوں نے یہ بات گزشتہ روز کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی جنہوں نے صدر کے ایچ اے ڈاکٹر جنید علی شاہ کی سربراہی میںانکے دفتر میں ملاقات کی، وفد میں اولمپئن وسیم فیروز بھی شامل تھے۔ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ شہر میں جن گراونڈز پر قبضہ ہے ان کو خالی کرایا جائے گا تاکہ کھلاڑی اپنے آپ کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھ سکیں، ان کا کہنا تھا کہ کھیل امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ سندھ پولیس میں دیگر گیمز کی طرح ہاکی کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئےجارہے ہیں اور عنقریب ہاکی ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ صدر کراچی ایسوسی ایشن ڈاکٹر جنید علی شاہ نے اس موقع پر تعاون کا یقین دلانے پر آئی جی سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں نے کراچی کے ہاکی کھلاڑیوں کی مایوسی کو مد نظر رکھ کر اس منسب کی ذمہ داری لی ہے، مجھ سمیت کوئی بھی محب وطن پاکستانی ہاکی کی مزید بربادی نہیں دیکھ سکتا، پہلے مرحلے میں میری خواہش ہے کہ شہر میں جتنے بھی گراونڈز ہیں اور جو ہاکی کیلئے استعمال ہوسکتے ہیں ان پر قبضہ ختم کراکے ان کو کھیل کے قابل بنایا جائےگا، مجھے خوشی ہے کہ متعدد ادارے نہ صرف گراونڈز کو اپ گریڈ کرنے بلکہ اپنے اداروں کی ہاکی ٹیمیں بنانے کیلے تیار ہیں، دوسرے مرحلے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ نچلی سطح سے ہاکی کو پروموٹ کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر انٹر اسکولز ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد ان کا پہلا ہدف ہوگا جسمیں سابق ہاکی کھلاڑیوں سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس متعد د کھیلوں میں اپنا ایک مقام رکھتی ہے اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے اسپورٹس کے فروغ کے حوالے سے عزائم سے یہ میں یہ بات وثوق سےکہہ سکتا ہوں کہ کراچی اور اندورن سندھ میں ہاکی کا کھیل مزید پروان چڑھے گا۔
تازہ ترین