• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام وزارتوں کو لازمی اقتصادی اشاریوں پر نظر رکھنی چاہئے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تمام وزارتوں اور اداروں کو لازمی اقتصادی اشاریوں پر قریبی نظر رکھنی چاہئے تاکہ جہاں ضروری ہو وہاں کارروائی کی جاسکے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں مانیٹری و فسکل پالیسیز کوآرڈنیشن بورڈ کا اجلاس ہفتہ کو منعقد ہوا جس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تجارت، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سابق گورنر عشرت حسین، وائس چانسلر پائیڈ ڈاکٹر اسد زمان کے علاوہ وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے اجلاس کو اقتصادی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اقتصادی اعشاریے درست سمت میں جارہے ہیں، لارج سکیل مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں بجلی کی بہتر ترسیل ، سازگار پالیسیوں اور تیل کی کم قیمتوں کی وجہ سے بہتری آئی ہے۔ مالی سال2016ءکے دوران گروتھ میں3.21فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، آٹو موبائل کے شعبہ میں 16.11فیصد ، فرٹیلائزر کے شعبہ میں13.81فیصد، کیمیکلز8.13، ربڑ پراڈکٹس 7.16 فیصد، نان میٹالک منرل پراڈکٹس10.2فیصد، فارما سیوٹیکل6.54فیصد، لیدر7.76فیصد، فوڈ بیوریج میں0.92فیصد اور ٹیکسٹائل میں0.42 فیصد ترقی دیکھنے کو ملی۔ موجودہ رجحان کے مطابق تعمیرات ، ٹیکسٹائل اور پاور سیکٹر کی مشینری کی برآمد سے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ سیکٹرمیں مزید بہتری آئے گی، حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے افراط زر میں کمی آئی ہے ، موجودہ رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال کے دوران یہ ہدف 6 فیصد سے کم ہوگا، زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جولائی 2016ءکے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ برآمدات اور ترسیلات زرمیں کمی کی وجہ 59کروڑ10 لاکھ ڈالر تک چلا گیا ہے، تجارتی توازن میں بہتری آئی ہے، گذشتہ سال ایک ارب80کروڑ ڈالرکے مقابلے میں اس سال ایک ارب 50 کروڑ ڈالر رہا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آرکے محصولات اور ٹیکس دہندگان میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
تازہ ترین