قائم مقام صدر میاں رضا ربانی نے کہا ہےکہ ضرورت ہے کہ دوسری بار بھی سویلین حکومت انتخابات کے ذریعے منتخب ہو ، اداروں کو مضبوط کیا جائے تو جمہوریت مستحکم ہوگی۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی بھی مذمت کی ۔
قائم مقام صدر رضا ربانی نے کراچی میں بابائے قوم محمد علی جناح کی68 ویں برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی ، فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھاکہ قائد اعظم کی تقریر پاکستان کا روڈ میپ ہے ۔ انہوں نے ملک اس لیے بنایا تھا تاکہ ایک پارلیمانی ملک وجود میں آئے۔
رضا ربانی کا کہنا تھاکہ ایک سویلین حکومت سے دوسری سویلین حکومت کو منتقل ہوئی تھی اور ضرورت ہے دوسری بار بھی ایسا ہی ہو۔
ان کا کہنا تھاکہ اسپیکر صاحب کے فیصلے پر تبصرہ نہیں کروں گا لیکن اداروں کو مضبوط کرنے سے جمہوریت مستحکم ہوگی۔
رضا ربانی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے چھروں والی بندوق کے استعمال سے لوگ متاثر ہورہے ہیں اور عالمی برادری بھارت پر انسانی حقوقی کی پامالی روکنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔