ملتان (نمائندہ جنگ) قومی ٹی20کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور بلیوز کی ٹیم راولپنڈی سے جیتنے کے بعد بھی فائنل فور کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ راولپنڈی کے بیٹسمین آخری لیگ میچ میں بھی بڑا ہدف سیٹ کرنے میں ناکام ہوگئے۔ راولپنڈی کو لاہور بلیوز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈی کی ٹیم 8 وکٹوں پر 127رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اویس ضیا نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے28رنز بناکر پویلین لوٹے ۔ آصف علی 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 27، عمر امین چار چوکوں کی مدد سے 21 اور منصور امجد 14رنز بناکر پویلین لوٹے ۔ عمر وحید 16 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ظفر گوہر 3، احمد بشیر، آغا سلمان ، رضا علی گوہر اور احمد شہزاد ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ لاہور بلیوز نے ہدف19.2اوورز میں 6وکٹوں پر مکمل کرلیا۔ احمد شہزاد نے 6 چوکوں کی مدد سے 35 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ظفر گوہر ایک چوکے اور تین چھکے کی مدد سے28جبکہ آصف رضا 17رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ آغا سلمان3 چوکوں کی مدد سے 21رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ حماد اعظم اور شاداب خان نے 2،2 منصور امجد اور مختار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ مین آف دی میچ ظفر گوہر قرار پائے۔