سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر کے علاقے بچل شاہ میانی کے رہائشی خروس برادری کے افراد نے روہڑی پولیس کی زیادتیوں کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین روہڑی پولیس کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت حبیب اللہ خروس نے کی۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ روہڑی پولیس نے بلا جواز ان کے گھروں پر چھاپے مارے اور گھروں میں موجود چار افراد اور دو ٹریکٹرز سمیت دیگر سازوسامان اپنے ساتھ لے گئی ہے جوکہ ظلم اور زیادتی ہے۔ ہماری حکومت سندھ اور آئی جی سندھ سے اپیل ہے کہ روہڑی پولیس کی زیادتیوں کا نوٹس لے کر ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور گرفتار کئے گئے افراد کو رہا کر کے سازوسامان واپس کیا جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔