اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے خیبر پختونخوا اسمبلی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونخوا اسمبلی پر شرمناک حملہ جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ لیگی غنڈوں کے حملے سے حکمران جماعت کی ساکھ پر سنجیدہ سوالات نے جنم لیا ہے۔ صوبائی اسمبلی پر حملہ کرنیوالے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی پر حملے سے نون لیگ کی آمرانہ سوچ بے نقاب ہو گئی ہے ، تحریک انصاف کسی بھی ریاستی ادارے پر حملے کیخلاف ہے۔