ہڑپہ(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نےاین اے162 کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں ہڑپہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جس طریقے سے پی ٹی آئی کے ایم این اے رائے حسن نواز کا مینڈیٹ چھینا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، حکومت دھونس اور دھاندلی سے الیکشن جیت کر عوام کویہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن ہمارے کارکن حکومت کو دھاندلی نہیں کرنےدینگے، اس کے لیے ہم نے تمام انتظامات کر لیے ہیں اس حلقہ کے غیور عوام حکومت کا الیکشن جیتنے کا زعم خاک میں ملا دیں گے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کر نے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مسلم لیگ کی حکومت نے اپنے35 سالہ دور حکومت میں عوام کا ایک مسئلہ بھی حل نہیں کیا، اس لیے اب اس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا ۔انھوں نے مزید کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑنا گورنری سے بہت بہتر ہے سابق گورنر نے کہا کہ اس ملک میں کرپشن کینسر بن چکی ہے جلسہ سے سابق ایم این اے رائے حسن نواز،امیدوار رائے مرتضیٰ اقبال نے بھی خطاب کی۔ اس موقع پر سابق وزیر مملکت صمصام بخاری،چودھری محمد اشفاق،رائے عزیز اللہ،میاں انوار الحق اور ایم پی اے وحید اصغر ڈوگر بھی موجود تھے۔