کراچی (اسٹاف رپورٹر) عمان کی انڈر 18ہاکی ٹیم پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی، لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ رک گیا ہے، اور غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کی سر زمین پر کھیلنے کے لئے رضا مند نہیں ہیں ، عمان کی ٹیم سے قبل2010 میں چین کی ہاکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اب چھ سال کے وقفے کے بعد عمان دوسری غیر ملکی ٹیم ہے جو پاکستان آئی ہے اور پاکستان کی انڈر 18ہاکی ٹیموں کے مابین چار ہاکی میچوں کی سیریز کا آغاز جمعہ سے نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ سیریز کے چاروں میچ لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سیریز کے انعقاد کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ۔ چار میں سے دو میچ فلڈ لائٹس میں ہوں گے،پہلا میچ 16ستمبر کو ساڑھے چار بجے سہ پہر ، دوسرا میچ 17ستمبر کو رات 8بجے ،تیسرا میچ 19ستمبر کو ساڑھے چار بجے اور چوتھا میچ 20اکتوبر کو رات 8 بجے کھیلا جائے گا ۔پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز سینئر کے مطابق عمان کے خلاف ہاکی میچوں کی سیریز سے چھ سال بعد ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ٹیمیں24 سے 30ستمبر تک ڈھاکا میں ہونے والے چوتھے انڈر 18ایشیا کپ کی تیاریاں کررہی ہیں اور مذکورہ سیریز بھی ان تیاریوں کا حصہ ہے۔شہباز سینئر نے کہا کہ پاکستان اور عمان کی جونیئر ہاکی ٹیموں کے مابین ہونے والی سیریز کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ، سیریز سے ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی میں مدد ملے گی۔