کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی آئی ایچ اکیڈمی کراچی اوراولمپئن اصلاح الدین اور ڈاکٹرمحمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کے مابین میچ کھیلاگیا جسے اولمپئن اصلاح الدین اور ڈاکٹرمحمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی نے 5-2سے جیت لیا ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عبدالوہاب اورحماد نے دو دوگول اورارباز نے ایک گول کیا ۔جبکہ پی آئی ایچ اکیڈمی کے عبداللہ زاہد اور مشہود انتظارنے گول کئے ۔اس موقع پر اولمپئن اختر الاسلام نے کہا کہ ہیروازم کی بیداری ہاکی کی بحالی وفروغ میں مددگارثابت ہوگی۔اولمپئین اصلاح الدین نے اولمپئن خورشید اسلم مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کھلاڑی پاکستان کاسرمایہ اور فخرہیں۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے بانی واعزازی سیکریٹری پروفیسرراؤ جاوید اقبال نے اس موقع پر کہا کہ ہم پاکستان بھر میں میچز اور مختلف تقاریب کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو ہاکی کے سنہرے ماضی سے روشناس کروارہے ہیں۔ سابق قومی ہاکی کپتان اصلاح الدین نے کہا کہ خورشیداسلم مرحوم ہمارا سرمایہ تھے۔ گلفرازخان نےکہا کہ پاکستان میں ہاکی کی بحالی اور فروغ کے لئے ہم سب لوگوں کو اپنے ہیروز، فیڈریشن اورایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔