راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) عیدالاضحی پر راولپنڈی میں راول ٹائون، پوٹھوہار ٹائون، ٹیکسلا، گوجر خان، کلر سیداں، مری اور پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیوں سے قربانی کے جانوروں کی 7ہزار ٹن سے زائد آلائشیں، فضلہ کو ٹھکانے لگایا گیا۔ آر ڈبلیو ایم سی اور البائراک نے شہر میں قائم اور موبائل ٹرانسفر سٹیشنز پر جمع ہونیوالی آلائشوں کو ڈمپرز کے ذریعے ڈمپنگ اسٹیشن تک پہنچایا جہاں سے ان کو لوسر لے جا کر تلف کیا گیا۔ راولپنڈی شہر اور مری سے 6ہزار ٹن سے زائد، گوجر خان 180ٹن، کلر سیداں 99ٹن، ٹیکسلا 131ٹن اور پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیوں سے 197ٹن سے زائد آلائشوں اور فضلہ جات کو ٹھکانے لگایا۔ عید کے تینوں دن ہی مری روڈ اور دیگر بڑی سڑکوں، گلیوں، بازاروں کی میکینکل سویپنگ اور واشننگ کی گئی‘ چونا پھینکا گیا اور فینائل کا سپرے کیا گیا۔ ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عرفان قریشی نے خود عید صفائی آپریشن کی نگرانی کی۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں قائم کنٹرول روم سے ورکرز کی سخت مانیٹرنگ کی گئی اور ہیلپ لائن پر موصول ہونیوالی کالز پر بھی کارروائی کی گئی۔ صفائی کمپنی البائراک کے مطابق اسپیشل ٹیمز کو جانوروں کی آلائشیں اُٹھانے اور تلف کر نے کیلئے تین سو سے زیادہ گاڑیاں مہیا کی گئیں جن میں ایک سو چوالیس منی ڈمپرز، چھپّن ڈمپر ٹرکس، دس پک اپس، چوالیس کومپیکٹرز اور اڑھائی سو ریڑیاں شامل ہیں۔ عید کے پہلے دو دنوں میں 648کمپلینٹس کمپنی کو موصول ہوئیں‘ عید کے تیسرے دن چھیالیس کمپلینٹس کمپنی کو موصول ہوئیں۔ صفائی مہم کی سربراہی فاتح اونات، عثمان نوری، کنعان گلن، ثابت اکپنار، مرات بربر اور چنگیز الانجا نے کی۔ عید پر گزشتہ سالوں کی نسبت بہتر صفائی انتظامات پر شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف‘ ضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل کو خراج تحسین پیش کیا۔ مسلم ٹائون، صادق آباد، کری روڈ، شکریال، خرم کالونی، ڈھوک کالا خان، پیرودھائی، فوجی کالونی، خیابان سرسید، نیو کٹاریاں، ڈھوک حسو، راجہ بازار، لیاقت روڈ، آریہ محلہ، ڈھوک رتہ، ڈھوک کھبہ اور دیگر علاقوں کے رہائشی لوگوں نے ایک خصوصی سروے کے دوران کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں پہلے گلی محلوں اور سڑکوں پر پڑی رہتی تھیں اور عید کے تیسرے دن سے ان کو اٹھانے کیلئے متعلقہ عملہ متحرک ہوتا تھا مگر اس مرتبہ یہ آلائشیں بروقت اٹھائی گئیں۔